QR CodeQR Code

30ستمبر کو کرپشن کے خلاف فیصل آباد اور رائیونڈ میں ہونے والے دھرنے کامیاب ہونگے، سراج الحق

27 Sep 2016 20:47

اسلام ٹائمز: پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیر کا کہنا تھا کہ کہ کشمیر کو ہاتھ سے نکلتا دیکھ کر بھارت بوکھلا گیا ہے اور 70سال سے اقوام متحدہ کے چارٹر پر متنازعہ علاقہ کو اپنا اٹوٹ انگ قرار دیکر اس نے پوری دنیا کے سامنے شرمندگی اور ندامت کو گلے لگایا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل اور بھارتی جنگی عزائم پر فوری طور پر حکومت اور اپوزیشن کا جوائنٹ اجلاس ہونا چاہئے۔ بھارت کے خلاف ہر سطح پر بھرپور تیاری کی ضرورت ہے۔ کشمیر بھارت کے ہاتھ سے نکل رہا ہے جس پر وہ سخت جھنجھلاہٹ کا شکار ہے۔ احتساب سے بھاگنے والے حکمرانوں کے پاس اخلاقی طور پر حکومت میں رہنے کا کوئی جواز نہیں۔ قوم کرپشن کا خاتمہ اور حکمران اپنا اقتدار بچانا چاہتے ہیں۔ کرپشن کے خلاف تحریک کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ 30 ستمبر کو کرپشن کے خلاف فیصل آباد اور رائیونڈ میں ہونے والے دھرنے کامیاب ہونگے، ہم ڈنڈا سیاست پر یقین نہیں رکھتے، ہمارے دھرنے پرامن ہونگے۔ بدامنی یا انتشار کی کوشش کی گئی تو اس کی ذمہ داری حکومت پر ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹ کے اجلاس کے بعد پارلیمنٹ کے سامنے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کشمیر کو ہاتھ سے نکلتا دیکھ کر بھارت بوکھلا گیا ہے اور 70سال سے اقوام متحدہ کے چارٹر پر متنازعہ علاقہ کو اپنا اٹوٹ انگ قرار دیکر اس نے پوری دنیا کے سامنے شرمندگی اور ندامت کو گلے لگایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف بھارت دنیا کے سامنے پوری ڈھٹائی سے جھوٹ بول رہا ہے اور دوسری طرف ہم سچ بولنے کی بھی جرات نہیں کر رہے جس سے نہ صرف کشمیر بلکہ پاکستان کے اندر بھی ایک مایوسی اور بے چینی پائی جاتی ہے۔ وزیراعظم نے جنرل اسمبلی میں ایک اچھی تقریر کرنے کے بعد چپ سادھ رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پوری جرات کے ساتھ دنیا کے سامنے سچ پیش کرنا چاہئے۔ سینیٹ اور قومی و صوبائی اسمبلیوں میں بھارتی رویے پر مذمتی قراردادیں قابل تحسین ہے مگر ہمیں اس سے آگے بڑھ کر کشمیر کی آزادی کیلئے عملی کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی 30 ستمبر کو فیصل آباد میں کرپشن کے خلاف بڑا دھرنا دے گی، یکم اور 2 اکتوبر کو کوئٹہ، 23,22 اکتوبر کو پشاور اور 28,29 اکتوبر کو لاہور میں کرپشن فری پاکستان تحریک کے سلسلہ میں انقلاب کانفرنسوں کا انعقاد ہوگا جس میں لاکھوں عوام شرکت کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 570856

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/570856/30ستمبر-کو-کرپشن-کے-خلاف-فیصل-آباد-اور-رائیونڈ-میں-ہونے-والے-دھرنے-کامیاب-ہونگے-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org