0
Friday 30 Sep 2016 19:07

پاکستان کے عوام بھارت کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، علامہ حسن ظفر نقوی

پاکستان کے عوام بھارت کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، علامہ حسن ظفر نقوی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر جمعہ تیس ستمبر کو ملک گیر ’’یوم مردہ باد ہندوستان‘‘ کے عنوان سے ملک بھر میں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی بربریت اور سرحدی علاقوں پر بھارتی افواج کی بزدلانہ کارروائیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں، ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی ’’یوم مردہ باد ہندوستان‘‘ کے عنوان سے ایک درجن سے زائد مقامات پر احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں جبکہ مرکزی احتجاجی مظاہرہ جامع مسجد نور ایمان ناظم آباد میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ حسن ظفر نقوی اور علامہ احمد اقبال رضوی کی قیادت میں کیا گیا، جبکہ اس موقع پر علامہ مرزا یوسف حسین سمیت علامہ مبشر حسن، میثم عابدی، رضا نقوی، آصف صفوی اور علی حسین و دیگر بھی موجود تھے۔ احتجاجی مظاہرے میں لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور بھارت کی کشمیرمیں جاری ریاستی دہشت گردی اور کنٹرول لائن پر بھارتی افواج کی بزدلانہ کارروائیوں کے خلاف زبردست نعرے لگائے اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے عوام بھارت کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور کسی بھی ممکنہ جنگ کی صورت میں پاکستان کے بیس کروڑ عوام بھارت کے لئے بیس کروڑ ایٹم بم ثابت ہوں گے۔

شرکائے احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ حسن ظفر نقوی، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی، شیعہ ایکشن کمیٹی کے رہنما مولانا مرزا یوسف حسین، علامہ مبشر حسن اور علی حسین نقوی نے بھارتی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج بھارت کو منہ توڑ جواب دے رہی ہے اور دشمن کو واصل جہنم کر رہی ہے، پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملت جعفریہ پاکستان کا بچہ بچہ پاکستان کی بقاء کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والی ہر آنکھ کو نکال پھینکیں گے۔ رہنماؤں نے مزید کہا کہ پاکستان بنایا تھا اور ہم پاکستان کا دفاع کرنا بھی جانتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 571578
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش