QR CodeQR Code

بھارتی جارحیت، سندھ حکومت کا وزیراعظم سے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا مطالبہ

1 Oct 2016 12:13

اسلام ٹائمز: وزیراعلیٰ سندھ کی زیرِ صدارت کابینہ اجلاس میں آئی جی سندھ نے بتایا کہ محرم کے حوالے سے ضروری سکیورٹی انتظامات کرلئے گئے ہیں، پولیس اور رینجرز ملکر کام کر رہے ہیں، سی سی ٹی وی کا سسٹم مزید بہتر کیا گیا ہے، سندھ بلوچستان سرحد کی نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ کابینہ نے صوبے بھر میں شیشہ، مین پوری اور گٹکے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت سندھ کابینہ کا اجلاس جاری ہے، جس میں صوبائی وزرا، مشیر اور معاونین خصوصی نے شرکت کی۔ اجلاس میں سرکاری ملازمتوں سے پابندی ختم کرنے، دینی مدارس ترمیمی بل، اسپیشل سیکیورٹی ڈویژن ترمیمی بل، احتساب ترمیمی بل، سندھ ٹرانسپرنسی اینڈ رائٹ ٹو انفارمیشن ترمیمی بل اور سندھ فوڈ اتھارٹی ترمیمی بل پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران امن و امان کی مجموعی صورت حال اور محرم الحرام کے سیکیورٹی پلان پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے دوران آئی جی اے ڈی خواجہ نے سیکیورٹی پلان سے متعلق بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ محرم الحرام کے حوالے سے ضروری سکیورٹی انتظامات کر لئے گئے ہیں۔

آئی جی سندھ نے بتایا کہ پولیس اور رینجرز مل کر کام کر رہے ہیں، تمام ایجنسیوں کا تعاون حاصل ہے، سی سی ٹی وی کا سسٹم مزید بہتر کیا گیا ہے، سندھ بلوچستان سرحد کی نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔ سندھ کابینہ نے شیشہ، مین پوری اور گٹکے پر پابندی عائد کر دی، اس کے علاوہ پروٹوکول اور اپلائیڈ فار رجسٹریشن نمبر پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ عوامی مقامات پر سگریٹ پینے والوں کو بھی سزا دی جائے گی، عوام کو حکومت سندھ سے امیدیں ہیں، منتخب نمائندوں کو ایماندری اور محنت سے کام کرنا چاہیے، اسمبلی میں منظور ہونے والا ہر بل اگلے روز گورنر کو منظوری کیلئے بھجوا دیا جانا چاہیے۔ سندھ کابینہ نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم سے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا مطالبہ کیا۔


خبر کا کوڈ: 571720

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/571720/بھارتی-جارحیت-سندھ-حکومت-کا-وزیراعظم-سے-آل-پارٹیز-کانفرنس-بلانے-مطالبہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org