0
Monday 3 Oct 2016 19:55

تحفظات دور نہیں کئے گئے تو سندھ بھر میں عاشور کے جلوس روک کر احتجاج کرینگے، شیعہ علماء کونسل

تحفظات دور نہیں کئے گئے تو سندھ بھر میں عاشور کے جلوس روک کر احتجاج کرینگے، شیعہ علماء کونسل
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل سندھ کی جانب سے نمائش چورنگی پر ہنگامی پریس کانفرنس منعقد کی گی، جس میں ایس یو سی سندھ کے صدر علامہ ناظر عباس تقوی، علامہ شبیر حسن میثمی، علامہ فیاض مطہری، علامہ جعفر سبحانی، علامہ روح اللہ، مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری حسنین مہدی، نائب صدر سندھ یقوب شہباز سمیت دیگر علماء کرام بھی موجود تھے۔ پُرہجوم ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ناظر عباس تقوی کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کا آغاز ہوچکا ہے، پورے پاکستان میں مجلس عزاء کا سلسلہ جاری ہے، مجلس عزاء ہمارا آئینی اور بنیادی حق ہے، صوبائی حکومت کی جانب سے ضابطہ اخلاق پر شدید تحفظات ہیں، ہم نے بار بار حکومت کو متنبہ کیا ہے کہ ضابطہ اخلاق میں موجود کمزوریوں کو دور کیا جائے، تاکہ عزادار آزادی کے ساتھ مجلس عزاء منعقد کرسکے۔

علامہ ناظر عباس تقوی نے کہا کہ وزیراعلٰی سندھ کی جانب سے آج شیعہ عمائدین کے بلائے جانے والے اجلاس میں لاؤڈ اسپیکر کے حوالے سے یقین دلایا کہ ہم نے نوٹی فیکشن جاری کر دیا ہے، لہذا مجلس عزاء میں لاؤڈ اسپیکر پر کوئی پابندی نہیں ہوگی، اس کے علاوہ خیرپور اور سکھر میں ایس ایس پی لیول پر بننے والے ضابطہ اخلاق کو ہم مسترد کرتے ہیں، جس میں نئی مجلس عزاء، علم پاک نصب کرنے، نئے جلوس اور سبیل لگانے پر پابندی کا لکھا گیا ہے، جبکہ صوبائی وزیر داخلہ کی جانب سے بننے والے ضابطہ اخلاق میں کوئی ایسی چیز موجود نہیں ہے، لہٰذا ڈویژن اور ضلعی سطح پر بننے والے ضابطہ اخلاق متصادم ہیں، صوبائی وزیر داخلہ کے ضابطہ اخلاق سے جس پر وزیراعلٰی نے بھی تعجب کا اظہار کیا اور فی الفور نوٹس لینے کا حکم دیا ہے۔ صوبائی صدر کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کے احکامات کو توڑ موڑ کے پیش کیا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے عزاداروں میں بے چینی پائی جاتی ہے، جو کسی بھی صورت مناسب اقدام نہیں ہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے علامہ ناظر عباس تقوی کا کہنا تھا کہ ہم حکومت اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کی امید رکھتے ہیں اور نوٹی فیکیشن کے منتظر ہیں، وزیراعلٰی سندھ نے علماء اور عمائدین سے کہا ہے کہ ہم نے نوٹی فیکشن جاری کر دیا ہے، لیکن تاحال ہمیں نوٹی فیکشن موصول نہیں ہوا ہے، جس کی بناء پر انتظامیہ بانیان جلوس اور مجلس پر دباؤ ڈال رہی ہے کہ دوران مجلس لاؤڈ اسپیکر استعمال کرنے پر پابندی ہے، اگر 24 گھنٹے کے اندر نوٹی فیکیشن شیعہ عمائدین اور متعلقہ عملے کو موصول نہیں ہوا، تو صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے پورے سندھ میں عاشور کے جلوس روک کر احتجاج کریں گے، یہ احتجاج ہمارا آئینی اور قانونی حق ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ حکومت عزاداری کو منعقد کرنے میں ہمارے ساتھ تعاون کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 572457
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش