0
Tuesday 4 Oct 2016 12:58

پاکستان نے کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے ثبوت رچرڈ اولسن کے حوالے

پاکستان نے کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے ثبوت رچرڈ اولسن کے حوالے
اسلام ٹائمز۔ امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی نے ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں انڈین فورسز کے ہاتھوں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے ’شواہد‘ پر مبنی جامع دستاویز (ڈوزیئر) امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان و پاکستان رچرڈ اولسن کے حوالے کر دیے۔ پاکستانی سفیر نے امریکی محکمہ خارجہ میں امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان و پاکستان رچرڈ اولسن سے ملاقات کی اور انہیں وہ ڈوزیئر دیا جس میں ہندوستانی فوج کی جانب سے کشمیر میں کی جانے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تفصیلات درج ہیں۔ اس موقع پر پاکستانی سفیر نے عالمی برادری اور خاص طور پر امریکا پر زور دیا کہ وہ ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں بے گناہ شہریوں جن میں خواتین، بچے، بزرگ اور بیمار افراد بھی شامل ہیں، ان کے ساتھ روا رکھے جانے والے غیر انسانی اور ناروا سلوک کا نوٹس لے۔ انہوں نے موقف اختیار کیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا مستقل رکن ہونے کی حیثیت سے امریکا کو چاہیے کہ وہ بھارت پر زور دے کہ وہ اپنی فوج کی جانب سے بے گناہ کشمیریوں کے خلاف ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ فوری طور پر بند کرے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اقواممتحدہ کی جانب سے کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیا گیا تھا اور بھارت یکطرفہ طور پر انہیں اس حق سے محروم نہیں کر سکتا۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ عالمی برادری کو یہ بات یقینی بنانی چاہیے کہ بھارت بطور اقوام متحدہ رکن، انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں اور انسانیت کی مدد کرنے والے اداروں کو کشمیر تک رسائی دے تاکہ وہ حقائق کا اندازہ لگاسکیں۔ جلیل عباس جیلانی نے وزیر اعظم نواز شریف کے کشمیریوں کے حوالے سے حالیہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان حق خودارادیت حاصل کرنے کی جدوجہد میں جموں و کشمیر کے لوگوں کی ہر ممکن اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
خبر کا کوڈ : 572634
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش