0
Friday 4 Mar 2011 00:25

مسلم لیگ (ق) نے یونیفکیشن گروپ کے 9 ارکان کے خلاف نااہلی کے ریفرنسز سپیکر پنجاب اسمبلی کو جمع کروا دیئے

مسلم لیگ (ق) نے یونیفکیشن گروپ کے 9 ارکان کے خلاف نااہلی کے ریفرنسز سپیکر پنجاب اسمبلی کو جمع کروا دیئے
لاہور:اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ق) نے یونیفکیشن گروپ کے 9 ارکان کے خلاف نااہلی کے ریفرنسز سپیکر پنجاب اسمبلی کو جمع کروا دیئے ہیں، ریفرنسز جمع کرانے کے بعد پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ق) کے رہنما چودھری ظہیرالدین نے کہا ہے کہ آئین اور قانون کے مطابق یونیفکیشن بلاک کے ارکان نااہل ہو چکے ہیں، سپیکر پنجاب اسمبلی 2 دن کے اندر ریفرنسز الیکشن کمیشن کو بھجوائیں۔
پیپلز پارٹی کی پنجاب حکومت سے علیحدگی کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اکثریت کھو چکے ہیں اس لئے وہ اعتماد کا ووٹ لیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ (ق) لیگ کے ارکان پنجاب اسمبلی انجینئر شہزاد الٰہی، محمد شفیع، عامر سلطان چیمہ، اقبال لنگڑیال، آمنہ الفت، ڈاکٹر سامعہ امجد و دیگر موجود تھے۔ چودھری ظہیرالدین نے کہا کہ یونیفکیشن بلاک نے آئین اور قانون کو پامال کرتے ہوئے اقدام اٹھایا ہے، پارٹی کے سربراہ کے بغیر وہ قدم نہیں اٹھا سکتے، انہوں نے کہا کہ ہم نے آئین اور قانون کا راستہ اپناتے ہوئے یونیفکیشن بلاک کے ارکان کے خلاف نااہلی کے مرحلہ وار ریفرنسز جمع کروا دیئے ہیں، آج ہم نے یونیفکیشن گروپ کے 9 ارکان ڈاکٹر طاہر علی جاوید، عطا مانیکا، نسیم لودھی، میاں طارق، چوہدری ارشد، صبا صادق، فرمانہ افضل، عائشہ جاوید اور مسز ووفن کے خلاف نااہلی کے ریفرنسز سپیکر پنجاب اسمبلی کو جمع کروا دیئے ہیں، سپیکر پنجاب اسمبلی 2 دن کے اندر اندر یہ ریفرنسز الیکشن کمیشن کو بھجوا دیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں آزاد عدلیہ بھی موجود ہے، اگر یہاں ہماری نہ سنی گئی تو ہم عدلیہ کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے لیکن کسی کو غیر آئینی اور لوٹوں کے سہارے حکومت نہیں بنانے دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 57376
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش