QR CodeQR Code

ڈی آئی خان، شام غریباں کی مجالس کیساتھ ہی عشرہ محرم پرامن طور پر اختتام پذیر

12 Oct 2016 22:27

اسلام ٹائمز: سٹی کی متعدد امام بارگاہوں میں 8 محرم الحرام سے شروع ہونیوالے مجالس و عزاداری کے اجتماعات شام غریباں کی مجالس و ماتم داری کیساتھ اختتام پذیر ہوئے، نو اور دس محرم کو سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔


اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں بسلسلہ محرم الحرام مجالس و عزاداری کے اجتماعات پرامن طور پر اختتام پذیر ہوگئے ہیں۔ محرم الحرام کے پہلے عشرے میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے اور انتظامیہ کی جانب تمام تر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا تھا۔ مجالس، جلوسہائے عزا اور تعزیہ و ماتم داری کے پروگراموں کے دوران انتظامیہ کی جانب سے بجلی کی فراہمی بلاتعطل جاری رہی، جبکہ شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر سکیورٹی فورسز کے اہلکار چوبیس گھنٹے ڈیوٹی پر موجود رہے۔ شہر میں داخلے کے چند راستوں کے علاوہ باقی تمام راستوں کو مکمل طور پر بند کردیا گیا تھا، جبکہ اندرون شہر جگہ جگہ پولیس نے ناکہ بندی کرکے لوگوں کی شناخت و تلاشی کو یقینی بنایا۔ مجالس و جلوسوں کے دوران لیڈیز پولیس نے خصوصی کیمپ لگا کر خواتین کی چیکنگ کی۔

آٹھ محرم الحرام کی شب اور نویں محرم کی صبح ڈی آئی خان کی بیشتر امام بارگاہوں میں طویل دورانیئے پر مشتمل عزاداری کے اجتماعات کا سلسلہ جاری ہوا، جوکہ روز عاشور کے بعد شام غریباں کی مجالس کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ آٹھویں محرم الحرام کو تمام امام بارگاہوں پر تعزیے اور علم پاک کی زیارات کا آغاز ہوا، جبکہ نویں محرم کی صبح شہر کے مختلف سے جلوس عزا برآمد ہوئے جو کہ اپنے روایتی راستوں سے گزر کر امام بارگاہوں میں اختتام پذیر ہوئے۔ نویں محرم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ امام حسین (ع) سے علی الصبح شروع ہوا جو کہ سات امام بارگاہوں سے گزر کر دوپہر کے وقت مسجد و امام بارگاہ حضرت علی (ع) میں اختتام پذیر ہوا۔ نماز ظہرین کے بعد امام بارگاہوں میں عزاداری کا سلسلہ شروع ہوا، جو کہ مغربین تک جاری رہا۔ مغربین کے بعد شب عاشور کے مرکزی جلوس کا آغاز مرکزی امام بارگاہ المعروف تھلہ بموں شاہ سے آغاز ہوا، جو کہ گلی چوڑیگراں والی، چوک گانمن خان، گلی طباغ، چوک سیٹھ اشرف، گلی کپاس، گلی غلبی والی سے گزر کر مسلم بازار اور کلاں بازار سے ہوتا ہوا، گھاسمنڈی کے راستے دوبارہ مرکزی امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوا۔ روز عاشور تعزیہ کے مرکزی جلوس کا آغاز امام بارگاہ امام حسین (ع) سے ہوا، جو کہ کوٹلی امام حسین (ع) میں اختتام پذیر ہوا۔

روز عاشور کے دوسرے مرکزی جلوس کا آغاز علی الصبح بستی استرانہ سے ہوا، جس میں مختلف امام بارگاہوں سے تعزیے و عزاداری کے جلوس شامل ہوتے گئے۔ یہ مرکزی جلوس کمشنری بازار سے سٹی میں داخل ہوا۔ چوگلہ، کلاں بازار، توپانوالہ بازار سے گزر کر جوگیانوالی گلی کے راستے سرکلر روڈ سے ہوکر کوٹلی امام حسین (ع) میں اختتام پذیر ہوا۔ شہر کی تمام بارگاہوں سے تعزیے و زنجیر زنی اور ذوالجناح کے تمام جلوس کوٹلی امام حسین (ع) میں پہنچ کر اجتماعی پرسہ میں تبدیل ہوئے، جہاں مجلس عزا شہادت امام حسین (ع) پڑھی گئے۔ بعد از ظہرین تمام تعزیے امام بارگاہوں میں واپس پہنچے۔ مغربین کی نماز کے بعد شام غریباں کی مجالس کے ساتھ ہی عشرہ محرم الحرام پرامن طور پر اختتام پذیر ہوگیا۔


خبر کا کوڈ: 574930

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/574930/ڈی-ا-ئی-خان-شام-غریباں-کی-مجالس-کیساتھ-ہی-عشرہ-محرم-پرامن-طور-پر-اختتام-پذیر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org