0
Thursday 13 Oct 2016 00:01

آج حسینیت کے پیروکار یزید وقت امریکہ، اسرائیل اور اس کے حواریوں سے برسرِ پیکار ہیں، آئی ایس او کراچی

آج حسینیت کے پیروکار یزید وقت امریکہ، اسرائیل اور اس کے حواریوں سے برسرِ پیکار ہیں، آئی ایس او کراچی
اسلام ٹائمز۔ یوم عاشورا کا دن امام حسین ؑ کا یزید کی بیعت سے انکار کا دن ہے، آپ ؑ کی قربانی آج بھی ہمارے دلوں میں تازہ ہے، یوم عاشورا وہ دن تھا کہ جب امام حسین ؑ نے اپنے تمام انصار اور اقرباء کی قربانی پیش کی جس کی حرارت آج چودہ سو برس بعد بھی زندہ ہے، آج بھی جب کوئی یزید سر اٹھاتا ہے تو پیروکار امام حسین ؑ آگے بڑھ کر اس کا سر کچل دیتے ہیں، آج حسینیت کے پیروکار یزید وقت امریکہ، اسرائیل اور اس کے حواریوں سے بر سرِپیکار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کراچی ڈویژن کے رہنما کمیل شیرازی نے 10 محرم کو تبت سینٹر پر نماز دوران مرکزی جلوس کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج پھر ہر ارض، ارض کربلا ہے اور ہر گام مثل عاشورا ہے، آج کے دور کا یزید انسانیت کے اقدار کو پامال کرنے کے ساتھ اُسے اپنی غلامی میں لینے کا منصوبہ بنا رہا ہے، آج کا یزید کبھی طالبان تو کبھی داعش کی شکل میں سامنے آکر مسلمانانِ عالم کے خلاف ظلم و جہاد کر رہا ہے لیکن آج پھر حسینیت کے پیروکار ان یزدیوں سے برسرپیکار ہیں اور دشمن اسلام کے خلاف علم بغاوت بلند کئے ہوئے ہیں، عزاداری امام حسین ؑ ہمیشہ اسلام کی بقاء اور دشمن اسلام کے خلاف بغاوت کرنے کے ساتھ موت سے لڑنے اور حریت کا درس دیتی ہے، واقعہ کربلا حادثہ نہیں ہے بلکہ آئین زندگی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسان فطرتاََ آزاد پیدا ہوا ہے اور غلامی سے دور بھاگتا ہے، امام حسین ؑ نے کربلا میں اپنا اور اپنے انصار و اقرباء کا سر کٹوا کر انسان کو آزادی دلائی اور ساتھ ہی غلامی سے نجات حاصل کرنے کا راستہ بھی واضع کردیا۔ کمیل شیرازی نے مسلمانان عالم کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آج کا یوم عاشورہ یہ پیغام دے رہا ہے ہر مسلم حکمران کو کہ پلٹ آؤ اپنے دین کی طرف اور مثلِ حر ؑیزیدی و استعماری قوتوں کے بلاک سے نکل کر کربلا والوں کے بلاک میں اپنا نام لکھوا لو۔ قبل از ایں مرکزی جلوس میں شریک ہزاروں عزاداران کربلا نے باجماعت نماز ظہرین حجتہ السلام مولانا اقبال احمد رضوی کی زیر اقتداء ادا کی، اس دوران شرکاء نماز نے یزید وقت امریکا و اسرائیل کے خلاف شعار بلند کئے اور اپنی نفرت کا اظہار کرتے امریکہ اسرائیل اور بھارت کا پرچم نذر آتش کیا۔
خبر کا کوڈ : 574931
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش