QR CodeQR Code

کراچی کے تاجروں نے حکومت سندھ کا دکانیں 7 بجے بند کرنے کا فیصلہ مسترد کردیا

14 Oct 2016 17:41

اسلام ٹائمز: میڈیا سے بات چیت میں چیئرمین کراچی تاجر اتحاد نے کہا کہ ایسے کسی بھی فیصلے کو قابل عمل بنانے کے لیے کاروباری طبقے سے مشاورت ضروری ہے، کاروبار زبردستی بند کرانے کی کوشش کی گئی تو مزاحمت کریں گے۔


اسلام ٹائمز۔ تاجروں نے حکومت سندھ کی جانب سے دکانیں 7 بجے بند کرنے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ دکانیں جلد بند کرانے سے پہلے کچرے اور اسٹریٹ کرائم کا خاتمہ، ٹوٹی پھوٹی سڑکوں کی مرمت کی جائے۔ اس ضمن میں کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ حکومتی احکامات پر عملدرآمد ممکن نہیں ہے، ایسے کسی بھی فیصلے کو قابل عمل بنانے کے لیے کاروباری طبقے سے مشاورت ضروری ہے، کاروبار زبردستی بند کرانے کی کوشش کی گئی تو مزاحمت کریں گے، گرمیوں کے دنوں میں بازار 9 بجے تک کھلے ہونے چاہیئں، شہر میں عموما موسم گرم رہتا ہے اور شہری ٹھنڈے موسم میں شاپنگ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گاہگ دفاتر بند ہونے کے بعد بازار آتے ہیں اور دیر سے آنے والوں کے لیے بازار دیر تک کھلے رکھے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اسٹیک ہولڈرز سے مشورہ کرنا چاہئے تھا، ماضی میں بھی کئی بار ایسے فیصلے ناکام ہوچکے ہیں۔ عتیق میر نے کہا کہ اس صورت میں اگر فیصلے کی حمایت کریں گے تو تاجر ہمارے ہی خلاف اٹھ کھڑے ہوں گے لہذا صورتحال کا مکمل جائزہ لینے کے بعد حکومت کو فیصلہ لینا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پہلے 10 بجے شادی ہالز بند کرا کر دکھائیں۔


خبر کا کوڈ: 575342

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/575342/کراچی-کے-تاجروں-نے-حکومت-سندھ-کا-دکانیں-7-بجے-بند-کرنے-فیصلہ-مسترد-کردیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org