0
Friday 14 Oct 2016 17:54

ایرانی ڈیزل کی اسمگلنگ میں سندھ پولیس ملوث ہے، غلام قادر تھیبو

ایرانی ڈیزل کی اسمگلنگ میں سندھ پولیس ملوث ہے، غلام قادر تھیبو
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین اینٹی کرپشن سندھ غلام قادر تھیبو نے کہا ہے کہ سندھ بھر میں ایرانی ڈیزل کی غیرقانونی اسمگلنگ سندھ پولیس کی مدد سے کی جاری ہے، 2 روز قبل اینٹی کرپشن ٹیم نے منگھوپیر کے علاقے میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کرکے 4500 لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد کیا۔ دوران تفتیش ملزمان نے اہم انکشافات کیے ہیں جبکہ دوران تفتیش پولیس کے اعلیٰ افسران کے نام بھی ایرانی ڈیزل اسمگلنگ میں سامنے آئے ہیں جن کو فوری گرفتار کیا جائے گا، اپنے دفتر میں میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے غلام قادر تھیبو نے مزید کہا کہ محکمہ اینٹی کرپشن اب نیب اختیارات کی طرح کارروائیاں شروع کرے گا جبکہ کہ سندھ میں 2 ڈائریکٹر جنرل تعینات کیے جارہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی خاص ہدایت پر اینٹی کرپشن کو سندھ بھر میں کرپشن کے خاتمے کے لیے متحرک کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر عام سرکاری ملازم کے ساتھ کوئی سیاسی رہنما بھی کسی کرپشن میں ملوث پایا گیا تو اسے بھی گرفتار کیا جائے گا، موجودہ حکومت کا عزم ہے کہ سندھ میں کرپشن کی روک تھام کے لیے بغیر کسی سیاسی یا حکومتی دباؤ کے کرپٹ افسران کے خلاف کارروائیاں تیز کیں جائیں۔

ایک سوال کے جواب میں چیئرمین اینٹی کرپشن نے کہا کہ کراچی انٹر بورڈ نتائج رد و بدل اسکینڈل میں ملوث کرپٹ افسران کے خلاف کارروائی کے بعد کچھ دن قبل جاری کردہ نتائج میں بڑی تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے جس میں پہلی بار کسی غریب کے بیٹے یا بیٹی نے پوزیشن حاصل کی ہے، یہ سلسلہ اب سندھ بھر کے تعلیمی بورڈز میں جاری رہے گا۔ غلام قادر تھیبو نے آئی جی سندھ سے اختلافات کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ معلوم نہیں کیوں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ محکمہ اینٹی کرپشن کو مقررہ کوٹہ کے مطابق نفری فراہم نہیں کر رہے ہیں، بار بار لکھنے کے باوجود اسٹاف فراہم نہیں کیا جا رہا، اگر اس بار بھی مراسلے کو نظر انداز کیا گیا تو محکمہ اینٹی کرپشن سے مستقل طور پر پولیس کوٹہ کو ختم کردیا جائے گا، چیئرمین اینٹی کرپشن غلام قادر تھیبو نے مزید بتایا کہ اب اینٹی کرپشن پولیس چھوٹی مچھلیوں کے ساتھ ساتھ بڑی مچھلیوں کا بھی گھیرا تنگ کریگی۔
خبر کا کوڈ : 575346
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش