0
Friday 14 Oct 2016 20:15

آذربائیجان کا پاکستان کے ساتھ فوجی مشقوں کا اعلان

آذربائیجان کا پاکستان کے ساتھ فوجی مشقوں کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ آذربائیجان نے پاکستان کے ساتھ فوجی مشقیں کرنے کا اعلان کر دیا۔ آذر بائیجان کے صدر الہام علی اوف نے کہا کہ دونوں ممالک نے مشترکہ فوجی مشقیں کرنے پر تبادلہ خیال کیا ہے، پاکستان کا دفاعی شعبہ بہت ترقی یافتہ ہے، اس شعبے پر تفصیل سے بات کی گئی ہے، جبکہ مشترکہ طور پر دفاعی پیداوار بھی ممکن ہے۔ آذر بائیجان کے دورے پر گئے ہوئے پاکستانی وزیراعظم نواز شریف کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے الہام علی اوف نے مزید کہا کہ مشترکہ فوجی مشقوں میں پاکستان ہمارے فوجیوں کی تربیت کرے گا، جو ہمارا قریبی دوست اور اتحادی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ سیاسی تعلقات اور رابطوں کو فروغ دیں گے اور دونوں ممالک ادویہ سازی اور فوجی ساز و سامان سے متعلق تعاون بڑھائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مستقبل میں بھی تعاون جاری رہے گا۔ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان تنازع کا سبب بننے والے کشمیر کے معاملے پر آذر بائیجان کے صدر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیئے۔ آذر بائیجان کے صدر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل نہیں کیا گیا۔ الہام علی اوف نے مزید کہا کہ پاکستان اُن پہلے ممالک میں شامل ہے، جس نے آذربائیجان کی آزادی کو تسلیم کیا۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ زراعت اور سیاحت پر بھی دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھایا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 575363
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش