0
Friday 14 Oct 2016 20:21

سی پیک منصوبہ، افغانستان بھی شمولیت کا خواہشمند

سی پیک منصوبہ، افغانستان بھی شمولیت کا خواہشمند
اسلام ٹائمز۔ پاکستان میں تعینات افغان سفیر ڈاکٹر عمر زاخیل وال کا کہنا ہے کہ افغانستان پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کی مکمل حمایت کرتا ہے اور اس منصوبے کا حصہ بننا چاہتا ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمر زاخیل وال نے کہا کہ اقتصادی راہداری اہم منصوبہ ہے جو صرف پاکستان کے لیے نہیں بلکہ افغانستان سمیت وسطی ایشیائی ممالک کے لیے بھی نہایت اہمیت کا حامل ہے، جبکہ جو منصوبہ پاکستان کے لیے اچھا ہوگا، وہ پورے خطے کے لیے اچھا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ افغان عوام ترقی دیکھنے کے لیے پیاسے ہیں اور ملک کو خوشحال ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں۔ افغان سفیر نے اقتصادی راہداری کے منصوبے میں افغانستان کو شامل کیے جانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان راہداری منصوبے کی مکمل طور پر حمایت کرتا ہے کیونکہ یہ پراجیکٹ پورے خطے کے لیے سودمند ہے اور افغانستان کے لیے نہایت موزوں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان اقتصادی راہداری کے منصوبے میں شامل ہو کر ترقی کرسکتا ہے اور افغانستان میں دہائیوں سے جاری جنگ سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کرسکتا ہے۔ عمر زاخیل وال نے اس موقع پر افغان کرکٹ ٹیم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح افغان کرکٹ ٹیم دنیا کی آٹھویں بہترین ٹیم بن گئی، اسی طرح اگر موقع دیا جائے تو افغانستان دوسرے شعبوں میں بھی دنیا کو حیران کرسکتا ہے۔ واضح رہے کہ قبل ازیں ایران اور سعودی عرب بھی پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں شامل ہونے کی خواہش کا اظہار کرچکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 575364
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش