0
Saturday 5 Mar 2011 10:27

امریکی سفارتخانے فوجی چھاﺅنیاں اور دہشتگردوں کی پناہ گاہ ہیں،منور حسن

امریکی سفارتخانے فوجی چھاﺅنیاں اور دہشتگردوں کی پناہ گاہ ہیں،منور حسن
لاہور:اسلام ٹائمز-امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا ہے کہ حکومت ان امریکی قاتلوں کو پکڑے جو ہزاروں کی تعداد میں طالبان کا روپ دھار کر فوج اور عوام کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں۔ شہباز بھٹی کا قتل قابل مذمت اور ملک میں مسلم مسیحی بھائیوں کو لڑانے کی امریکی سازش ہے۔ حکمران امریکا پر اعتماد کر کے ملکی سلامتی اور شہریوں کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں۔ امریکی ایجنسیوں کی اعلیٰ شخصیات کو قتل کر کے ریمنڈ ڈیوس کیس سے توجہ ہٹانے کی سازش ناکام ہو گئی یے، لاہور میں امریکی قونصل جنرل کے خلاف ایف آئی آر درج نہ کرائی تو جماعت اسلامی درج کرائے گی اور امریکی قونصلیٹ کا گھیراﺅ کرے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سید منور حسن نے کہا کہ شہباز بھٹی کے قتل کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے، جس نے انہیں سیکورٹی فراہم کرنے میں غفلت کا ارتکاب کر کے قاتلوں کو موقع فراہم کیا۔ ہم پاکستان میں رہنے والی تمام اقلیتوں اور ان کی عبادت گاہوں کا احترام کرتے ہیں اور انہیں اپنے مذہب کے مطابق عبادت کرنے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔ پاکستان دشمن قوتیں مذہبی منافرت پھیلا کر ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتی ہیں۔ شیعہ سنی فسادات کرانے میں ناکامی پر ان قوتوں نے اپنے مذموم مقاصد کے لیے اقلیتوں کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔ سید منور حسن نے کہا کہ ریمنڈ ڈیوس کیس حکمرانوں اور فوج کیلئے ٹیسٹ کیس بن چکا ہے، انہوں نے کہا کہ امریکی سفارتخانے دہشت گردوں کی پناہ گاہیں اور ملکی سلامتی کے خلاف امریکی چھاﺅنیاں بن چکے ہیں۔ جو حکومت اپنے وزراء کی حفاظت نہیں کر سکتی وہ عوام کے جان و مال کی حفاظت کیا کرے گی۔ قومی جدوجہد کے نتیجے میں بہت جلد امریکا پاکستان سے نکلنے پر مجبور ہو جائے گا۔ سید منور حسن نے کہا کہ فوج ملک کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کرے جس کے خلاف امریکی سرپرستی میں پورا مغرب متحد ہو چکا ہے۔ امریکی چیرہ دستیوں سے نجات حاصل کرنا تیسری دنیا کے مسلمان ممالک اور خصوصاً پاکستان کیلئے زندگی اور موت کا مسئلہ بن چکا ہے۔ پوری قوم حکمرانوں کی امریکا نواز پالیسیوں سے تنگ آ چکی ہے۔ حکومت، فوج اور حساس ادارے ڈرون حملوں اور امریکی ایجنسیوں کے سرعام دندناتے دہشت گردوں سے قوم کو تحفظ فراہم کریں۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سیکولرازم، کمیونزم اور سوشل ازم انسانیت کو عدل و انصاف اور زندگی کی سہولتیں دینے میں ناکام ہو چکے ہیں۔ اسلام ہی انسانیت کی فلاح کا ضامن ہے

خبر کا کوڈ : 57563
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش