0
Sunday 16 Oct 2016 16:34

وزیراعظم نواز شریف ملک کو تباہی کے راستے پر لیکر جا رہے ہیں، بلاول بھٹو

وزیراعظم نواز شریف ملک کو تباہی کے راستے پر لیکر جا رہے ہیں، بلاول بھٹو
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف ملک کو تباہی کے راستے پر لے کر جا رہے ہیں، لیکن ہم ملک کو فرسودہ نظام اور تخت رائیونڈ سے نجات دلائیں گے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کراچی میں سلام شہداء ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کراچی قائداعظم کا شہر اور پاکستان کے دل کی دھڑکن ہے، کراچی کو ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بنائیں گے، سندھ میں تبدیلی لے آیا، پنجاب میں بھی لاؤں گا، اگر عوام نے ساتھ دیا تو پورے پاکستان میں تبدیلی لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد ملک اور جمہوریت کو بچایا، بے نظیر بھٹو کو شہید کرنے والے یزیدوں سے سوچا ہوگا کہ انہیں کوئی للکارنے والا نہیں ہوگا، لیکن بلاول بھٹو اور پیپلز پارٹی کے جیالے اپنی لیڈر کے قاتلوں سے بدلہ لے کر رہیں گے، اور ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر کے مشن کو آگے بڑھائیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف ملک کو تباہی کی طرف لے کر جا رہے ہیں، اور اپوزیشن کا ٹھیکا ایک کھلاڑی نے اپنے ہاتھوں میں لے رکھا ہے، لیکن بچکانہ اپوزیشن سے نواز شریف کے ہاتھ مضبوط ہوں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ سانحہ کار ساز دہشتگردی کا سب سے بڑا واقعہ ہے، لیکن دہشتگرد پاکستانی عوام کو خوفزدہ نہیں کر سکتے، پیپلز پارٹی پاکستان کو دہشتگردی، غربت، جہالت، تفرقہ بازی، لسانیت، فرسودہ نظام اور تخت رائیونڈ سے نجات دلائے گی۔ واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے سانحہ کارساز کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے سلام شہداء ریلی نکالی جا رہی ہے، بلاول بھٹو کی قیادت میں ریلی بلاول چورنگی سے نکالی جا چکی ہے، جو لیاری اور پھر ایم اے جناح روڈ سے ہوتی ہوئی شارع فیصل پر پہنچ کر اختتام پزیر ہوگی، جہاں بلاول بھٹو اور پیپلز پارٹی کے دیگر مرکزی قائدین شرکاء سے خطاب کریں گے۔ اس سے قبل بلاول بھٹو زرداری نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ہم نعرہ ماریں بھٹو کا، ہم پرچم تھامیں بھٹو کا۔
خبر کا کوڈ : 575879
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش