QR CodeQR Code

مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو 100 دن مکمل ہو گئے لیکن عالمی دنیا کو کشمیر میں ہونے والا ظلم نظر نہیں آیا، محمد زکریا

16 Oct 2016 20:18

اسلام ٹائمز: ملتان میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جماعتہ الدعوہ جنوبی پنجاب کے رہنما کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کشمیریوں کا قتل عام کر رہی ہے۔ پیلٹ گنوں، مرچی بموں کا استعمال کر کے کشمیریوں کو اندھا، معذور اور شہید کیا جا رہا ہے لیکن اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی نام نہاد تنظیمیں خواب خرگوش کے مزے لے رہی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جماعتہ الدعوہ شعبہ اساتذہ جنوبی پنجاب کے مسئول محمد زکریا نے کہا ہے مسلح افواج جغرافیائی سرحدوں کی محافظ اور اساتذہ نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک میں اساتذہ کا اہم کردار ہے۔ پروفیسر شبیر شہید و دیگر اساتذہ کو بھارتی فوج نے شہید کیا۔ اپنے حقوق کے لئے آواز بلند کرنے والے قوم کے معماروں کو کشمیریوں کے حقوق پر بھی بات کرنی ہو گی۔ پاکستان کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کیا گیا ملک ہے۔ اساتذہ ایک نظریے پر طلبا کی تربیت کریں گے تو پھر اس قوم کو دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔ وہ مرکز ابن باز رشید آباد میں جماعت الدعو شعبہ اساتذہ کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں سکولز، کالجز، یونیورسٹیز کے اساتذہ اور پروفیسرز کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد زکریا کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو 100 دن مکمل ہو گئے لیکن عالمی دنیا کو کشمیر میں ہونے والا ظلم نظر نہیں آیا۔ بھارتی فوج کشمیریوں کا قتل عام کر رہی ہے۔ پیلٹ گنوں، مرچی بموں کا استعمال کر کے کشمیریوں کو اندھا، معذور اور شہید کیا جا رہا ہے لیکن اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی نام نہاد تنظیمیں خواب خرگوش کے مزے لے رہی ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں سارا نظام زندگی مفلوج ہے۔ چھ ہزار کشمیری اور ان کے قائدین جیلوں میں ڈال دیئے گئے ہیں۔ پندرہ لاکھ طلبہ کا مستقبل داؤ پر ہے، معصوم بچوں اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد زخمی اور آنکھوں سے محروم ہو چکی ہے لیکن ایک ملالہ کے لئے تڑپنے مرنے والے سار ے عالم میں کشمیریوں کے لئے کہیں کوئی آواز سنائی نہیں دیتی۔ دنیا کو یہ دو رخی پالیسی ترک کرنا ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے میں استاد سب سے زیادہ اہمیت و عزت والا ہے کیونکہ استاد قوموں کی اصلاح، تربیت کرتے ہیں۔ اساتذہ کو بھی اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا چاہئے کیونکہ انہوں نے قوموں کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کرنا ہے۔


خبر کا کوڈ: 575955

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/575955/مقبوضہ-کشمیر-میں-کرفیو-کو-100-دن-مکمل-ہو-گئے-لیکن-عالمی-دنیا-ہونے-والا-ظلم-نظر-نہیں-آیا-محمد-زکریا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org