0
Sunday 16 Oct 2016 21:58

بھارت نواز سیاستدانوں کی بیان بازی سراسر دھوکہ، حریت کانفرنس (گ)

بھارت نواز سیاستدانوں کی بیان بازی سراسر دھوکہ، حریت کانفرنس (گ)
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) نے بھارت نواز پارٹیوں اور خاصکر حزب اختلاف (نیشنل کانفرنس) کی طرف سے آئے روز بیان بازی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہی وہ لوگ ہیں جو بھارت کے فوجی قبضے کے مقامی چہرے ہیں۔ ان سب نے مل کر اپنے اپنے وقت پر اس غیر قانونی اور غیر اخلاقی قبضے کو سندِ جواز بخش کر ہمارے لیے مصیبتوں اور آزمائشوں کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع کیا۔ حریت کانفرنس کے بیان میں کہا گیا ہے تاریخ کشمیر کا اگر مطالعہ کریں تو وہاں غداروں کی ایک لمبی فہرست اور اُن کے سیاہ کارناموں کی خوفناک داستانیں پڑھنے کو ملیں گی۔ حریت کانفرنس نے کہا کہ ہماری غلامی کی سیاہ رات کی شروعات ہی اس پارٹی کے بانی کی طرف سے بھارت کے ساتھ کئے گئے غیر فطری الحاق سے ہوئی۔ اُس کے بعد پھر جب اُس کی گرفتاری عمل میں آئی تو انہوں نے رائے شماری کا نعرہ لگاکر بھارت سے آزادی کی تحریک چلائی، لیکن 22 سالہ تحریک کو سیاسی آوارہ گردی کا نام دے کر اس میں دی ہوئی قربانیوں اور اس میں شامل افراد کی تذلیل کرکے اندرا گاندھی کے ساتھ گٹھ جوڑ کرکے ’’اندرا عبداللہ ایکارڈ‘‘ کے ذریعے لیلیٰ اقتدار سے بغل گیر ہوئے۔ حریت نے کہا کہ پچھلے 99 دنوں سے پوری وادی کشمیر سراپا احتجاج ہے۔ قوم کا سب کچھ داؤ پر لگ چُکا ہے۔ اقتصادی طور پر ہماری کمر توٹ چکی ہے، ٹرانسپورٹ سے وابستہ حضرات اپنے پیٹ پر پتھر باندھ کر تحریک کا ساتھ دے رہے ہیں۔ اسکولی بچوں نے اپنے مستقبل کی بھی پروا نہیں کی ہے، ہلاکتوں اور زخمیوں کی ناقابل بیان داستانیں رقم ہورہی ہیں۔ توڑ پھوڑ اور جھلاؤ گھیراؤ کا ایک نیا سلسلہ شروع کیا گیا ہے، لیکن قوم کے یہ مصنوعی غمخوار، حزبِ اقتدار اور حزبِ اختلاف دونوں اس تندور میں اپنی سیاسی روٹیاں سیک کر لطف اندوز ہورہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 575965
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش