0
Monday 17 Oct 2016 08:44

خانپور، دو بسوں میں تصادم سے 25 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

خانپور، دو بسوں میں تصادم سے 25 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
اسلام ٹائمز۔ خان پور کے قریب دو بسوں میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 25 افراد جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہو گئے، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، زخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال خان پور اور رحیم یار خان منتقل کیا گیا ہے۔ خونی حادثہ خان پور میں دھریجہ پھاٹک کے قریب پیش آیا، جس کے نتیجے میں دونوں بسوں کے شدید نقصان پہنچا۔ حادثے کے بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، متعدد مسافر بس میں پھنس گئے جنہیں مختلف حصے کاٹ کر باہر نکالا گیا، زخمیوں اور لاشوں کو خان پور اور رحیم یار خان کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، جبکہ کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ حادثے کا شکار ایک بس گجرات سے کراچی اور دوسری کراچی سے لاہور آ رہی تھی، ایک بس میں طلبہ بھی سوار تھے۔

دیگر ذرائع کے مطابق سجہ موڑ کے قریب دو بسوں میں تصادم سے کئی طلبا سمیت 27 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ طالب علموں سے بھری ایک بس خانپور سے رحیم یار خان جا رہی تھی کہ صادق آباد میں سجہ موڑ کے قریب کراچی سے لاہور جانے والی بس سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 27 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ متعدد افراد کی لاشوں کو بسوں کی باڈی کاٹ کر باہر نکالا گیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے حادثے میں زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر قریبی تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال جب کہ شدید زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بسوں کو حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، جاں بحق ہونے والوں میں دونوں بسوں کے ڈرائیور اور کلینرز بھی شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے خانپور کے قریب ٹریفک کے افسوسناک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور اظہار تعزیت کی ہے۔ انہوں نے حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو علاج معالجہ کی بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
خبر کا کوڈ : 576022
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش