0
Monday 17 Oct 2016 21:40

یمن پر سعودی اتحادیوں کی بمباری تشویشناک ہے، علامہ نیاز نقوی

یمن پر سعودی اتحادیوں کی بمباری تشویشناک ہے، علامہ نیاز نقوی
اسلام ٹائمز۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاق المدارس الشیعہ پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ قاضی نیاز حسین نقوی نے یمن پر اتحاد ی فورسز کی طرف سے بمباری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امت مسلمہ کی بہتری اتحاد میں ہی مضمر ہے، سعودی عرب کی قیادت میں تشکیل پانیوالا عسکری اتحاد انسانیت سوز مظالم سے باز رہے، ذمہ داروں کو بے گناہوں کے خون کا حساب دینا ہوگا، یمن پر امریکی حملوں سے عالم اسلام میں مزید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، مگر کسی ملک اور حتیٰ کہ اقوام متحدہ سے بھی کوئی آواز سنائی نہیں دی۔ علامہ نیاز نقوی نے افسوس کا اظہار کیا کہ بدقسمتی سے یمن کیخلاف بننے والے عسکری اتحاد کا پاکستان بھی حصہ ہے، جس نے صحابی رسول حضرت اویس قرنی رضی اللہ تعالیٰ عنہہ کی سرزمین کے تقدس کا خیال نہیں رکھا اور بمباری جاری رکھی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق اور جمہوریت کا راگ الاپنے والے اداروں کو یمن اور شام ہونیوالے مظالم کیوں نظر نہیں آتے؟

ان کا کہنا تھاکہ علما اور دانشوروں کو حالات کو معمول پر لانے کیلئے اپنا کردار ادار کرنا چاہئے تاکہ امت مزید تقسیم نہ ہو، کیونکہ وسائل سے مالامال مسلم ممالک پر امریکی پالیسیاں نافذ ہوں گی تو یہ مسلمانوں کی تباہی کے مترادف ہوگا، ہمیں اپنا اسلامی تشخص برقرار رکھنا ہوگا، امریکہ اور یورپی ممالک میں تو ایسی درندگی نظر نہیں آتی جو داعش، طالبان، القاعدہ اور دیگر دہشتگرد تنظیموں کی طرف سے مسلم ممالک میں روا رکھی گئی ہے۔ علامہ نیاز نقوی نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل نے پاکستان میں مختلف مسالک کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کیلئے بنیادی کردار ادا کیا ہے، مشرق وسطیٰ کے ممالک کو بھی اس طرز پر ہم آہنگی کے پلیٹ فارم تشکیل دینے چاہیں، تاکہ امت مسلمہ پوری دنیا میں بقائے باہمی اور ایک دوسرے کے درمیان فقہی اختلافات پر بھی احترام سے کام کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام امن و آشتی اور برداشت کا مذہب ہے، جس میں دوسرے مذاہب کے احترام پر زور دیا گیا ہے، اس طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 576287
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش