0
Wednesday 19 Oct 2016 14:40

اب کوئی کرمنل، دہشتگرد اور گن رنر سیاسی ڈھول اٹھا کر نہیں بچے گا، گورنر سندھ

اب کوئی کرمنل، دہشتگرد اور گن رنر سیاسی ڈھول اٹھا کر نہیں بچے گا، گورنر سندھ
اسلام ٹائمز۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا ہے کہ ہم نے بہت ڈرامے دیکھ لئے کوئی سیاسی دھول میں نہیں چھپ سکتا، اب سیاسی دکان کھول کر بیٹھنے والوں کے گھر سے مجرموں کو بھی پکڑیں گے۔ کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا کہ وہ 14 سال سے سندھ کے گورنر ہیں اور اس دوران انہوں نے مختلف حکومتوں کے ساتھ کام کیا، مصطفیٰ کمال نے کراچی کیلئے کچھ نہیں کیا، نعمت اللہ خان نے بطور ناظم انتہائی محنت کی، نعمت اللہ کے بعد آنے والی شہری حکومت نے مایوس کیا، جس رفتار سے نعمت اللہ نے کام کیا، دوسری شہری حکومت اسے برقرار نہ رکھ سکی، کراچی کے موجودہ ڈپٹی مئیر ارشد وہرہ کا تعلق اچھے خاندان سے ہے اور ہم ان کی بھرپور مدد کریں گے۔ مصطفیٰ کمال کا نام لیے بغیر گورنر سندھ نے ان کے دور کا حوالے دیتے ہوئے کہا کہ شہر میں ایک عرصے تک ترقیاتی کام رکے رہے، ترقیاتی کام میں تاخیر کی وجہ کرپشن اور نااہلی بھی ہے، سابقہ بلدیاتی دور میں ہونے والی کرپشن کو اس مثال سے دیکھا جا سکتا ہے کہ 2009ء میں شارع فیصل پر ایک برج 35 کروڑ روپے کی لاگت سے بنایا گیا اور 2012ء میں پیپلز پارٹی نے ایک ایسا ہی برج صرف 28 کروڑ روپے کی لاگت سے بنایا۔

ڈاکٹر عشرت العباد کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ شہر اور صوبے کی ترقی کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں، کراچی کو پانی کی فراہمی کے منصوبے کے تھری اور کے فور 2004ء اور 2005ء میں منظور ہوئے، لیکن ان پر کام شروع نہ ہو سکا، ایف ڈبلیو او کے فور کا منصوبہ 2 سال میں مکمل کرے گی، اس منصوبے کی تکمیل سے شہر کو 260 ملین گیلن پانی اضافی ملے گا، لیاری ایکسپریس وے پر مئی 2008ء میں کام شروع ہوا لیکن یہ 2016ء تک مکمل نہیں ہو سکا، اب اس منصوبے پر دوبارہ کام شروع ہوا ہے، اس کا سہرا بھی وزیر اعلیٰ سندھ کو جاتا ہے۔ کراچی میں امن و امان کے حوالے سے گورنر سندھ نے کہا کہ شہر میں 80 فیصد جرائم پر قابو پالیا، 20 فیصد بچ جانے والے چھوٹے، بڑے اور کم درجے کے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی جاری ہے، کراچی میں امن کے قیام کا سہرا ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو جاتا ہے، رینجرز بڑے پیشہ وارانہ طریقے سے کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی شک میں نہ رہے کہ جرائم پیشہ بچے گا اور مجرموں کو کراچی سے ختم کرکے چھوڑیں گے، مجرموں کو پکڑا جائے گا اور چوراہوں پر لٹکایا جائے گا۔ ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا کہ کوئی بھتہ خور، کرمنل، دہشت گرد اور گن رنر سیاسی ڈھول اٹھا کر نہیں بچے گا، کرمنل نیو کراچی کی پرچون کی دکان پر ہو یا پاپوش میں اسے پکڑا جائے گا، کوئی اس چکر میں نہ رہے کہ اسے سپورٹ مل رہی ہے، ڈرامے بہت دیکھ لئے اب کوئی سیاسی دھول میں نہیں چھپ سکتا، پوش علاقے میں سیاسی دکان کھول کر بیٹھنے والوں کے گھر سے مجرموں کو بھی پکڑیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلدیہ فیکٹری میں 300 آدمی جلانے والوں کو بھی حساب دینا ہوگا اور غریبوں کو زندہ جلانے کے بعد ان کے لواحقین کا معاوضہ کھانے والے بھی نہیں بچیں گے، چائنا کٹنگ کرنے والوں کو بھی قطعی بخشا نہیں جائے گا اور اگر ہم نے غلط حساب کیا تو اللہ ہمیں بھی سزا دے گا۔
خبر کا کوڈ : 576746
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش