0
Wednesday 19 Oct 2016 20:37

وفاق المدارس الشیعہ کا وزیراعظم، آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس آئی کے نام خط

وفاق المدارس الشیعہ کا وزیراعظم، آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس آئی کے نام خط
اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ ریاض حسین نجفی نے وزیراعظم نوازشریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے مفسر قرآن علامہ شیخ محسن علی نجفی کا نام فورتھ شیڈول میں شامل کرکے ان کا قومی شناختی کارڈ معطل اوربینک اکاونٹس منجمد کرنے کے سنگین اقدامات کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ وزیراعظم، چیف آف آرمی سٹاف، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹینٹ جنرل رضوان اختر، وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان اور کمشنر اسلام آباد کو لکھے گئے علیحدہ علیحدہ خطوط میں بزرگ عالم دین مفسر قرآن علامہ محسن علی نجفی کا نام فورتھ شیڈول میں شامل کرنے اور ان کے بینک اکاونٹس منجمد کرنے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ظالمانہ قوانین کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ایکشن پلان کو تمام محب وطن حلقوں نے سراہا ہے جس کے بعد 30سالہ دہشت گردی اور فرقہ وارانہ منافرت میں کافی کمی ہوئی ہے۔ حافظ ریاض نجفی نے متوجہ کیا کہ فورتھ شیڈول کا ضابطہ عمل بنیادی طور پر فرقہ وارانہ منافرت اور اس سے منسلک سنگین جرائم کے مرتکب افراد کے لئے تشکیل دیا گیا مگر افسوس کہ اس کے نفاذ میں انصاف کے تقاضے پورے نہیں کئے جا رہے، جس کی بدترین مثال اسلام آباد کی بزرگ، جلیل القدر علمی شخصیت مفسر قرآن علامہ شیخ محسن علی نجفی ہیں جن کی علمی، رفاہی، فلاحی خدمات کے اجمالی تعارف کے لئے بھی کئی صفحات درکار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ کی طرف سے علامہ شیخ محسن علی نجفی کا نام بھی دیگر افراد کے ہمراہ سٹیٹ بینک کو ارسال کیا گیا جس کے بعد ان کے بینک اکائونٹس منجمد کر دئیے گئے۔ انہیں فورتھ شیڈول میں شامل کیا گیا اور ان کا قومی شناختی کارڈ بھی معطل کر دیا گیا۔

حافظ ریاض نجفی نے واضح کیا کہ حکومتی ادارے، عوام اور دوسرے مسالک کی برگزیدہ شخصیات اچھی طرح جانتی ہیں کہ علامہ شیخ محسن علی نجفی نے کبھی بھی اپنی کسی تحریر، تقریر میں فرقہ وارانہ اشتعال انگیزی کی بات نہیں کی اور نہ ہی ان کا دہشت گردی سے دور کا کوئی واسطہ ہے ان کی علمی، رفاہی و فلاحی خدمات اظہر من الشمس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علامہ شیخ محسن علی نجفی ملک بھر کی بزرگ شخصیات پر مشتمل وفاق المدارس الشیعہ کی مجلس اعلیٰ کے سربراہ بھی ہیں، ان کی فورتھ شیڈول میں نامزدگی اور تازہ حکومتی اقدامات سے علمی و دینی حلقوں میں سخت تشویش اور عوامی حلقوں میں اضطراب پیدا ہوا ہے۔ اور ملت جعفریہ کے علمی و عوامی حلقے برملا اس خدشہ کا اظہار کر رہے ہیں کہ علامہ شیخ محسن علی نجفی کے خلاف اس قدر توہین آمیز، بے بنیاد اقدامات کا مطلب ہے کہ کوئی شیعہ عالم دین اپنے آپ کو محفوظ نہ سمجھے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نوازشریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پرعلامہ شیخ محسن علی نجفی کا نام فورتھ شیڈول سے خارج کرکے ان کا قومی شناختی کارڈ اورمنجمد بینک اکاونٹس بحال کئے جائیں۔ حافظ ریاض نے کہا کہ فورتھ شیڈول میں غلط طور پر شامل کئے گئے پرامن دیگر افراد کے ناموں کے اخراج کا بھی مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاق المدارس الشیعہ علامہ محسن نجفی کے ساتھ ہونے والی بدسلوکی پر 20 اکتوبر جمعرات( آج) پریس کانفرنس میں اپنے احتجاجی لائحہ عمل کا اعلان کرے گا۔
خبر کا کوڈ : 576856
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش