0
Wednesday 19 Oct 2016 21:47

شیخ محسن نجفی کا نام فورتھ شیڈول میں شامل کرنا افسوسناک ہے، علامہ ریاض نجفی

شیخ محسن نجفی کا نام فورتھ شیڈول میں شامل کرنا افسوسناک ہے، علامہ ریاض نجفی
اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر علامہ حافظ ریاض حسین نجفی نے وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے مفسر قرآن علامہ شیخ محسن علی نجفی کا نام فورتھ شیڈول میں شامل کرکے ان کا قومی شناختی کارڈ معطل اور بینک اکاونٹس منجمد کرنے کے سنگین اقدامات کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ وزیراعظم، چیف آف آرمی سٹاف، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹینٹ جنرل رضوان اختر، وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان اور کمشنر اسلام آباد کو لکھے گئے علیحدہ علیحدہ خطوط میں بزرگ عالم دین، مفسر قرآن علامہ محسن علی نجفی کا نام فورتھ شیڈول میں شامل کرنے اور ان کے بینک اکاونٹس منجمد کرنے کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے ظالمانہ قوانین کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ایکشن پلان کو تمام محب وطن حلقوں نے سراہا ہے جس کے بعد 30 سالہ دہشتگردی اور فرقہ وارانہ منافرت میں کافی کمی ہوئی ہے۔ حافظ ریاض نجفی نے متوجہ کیا کہ فورتھ شیڈول کا ضابطہ عمل بنیادی طور پر فرقہ وارانہ منافرت اور اس سے منسلک سنگین جرائم کے مرتکب افراد کیلئے تشکیل دیا گیا مگر افسوس کہ اس کے نفاذ میں انصاف کے تقاضے پورے نہیں کئے جارہے، جس کی بدترین مثال اسلام آباد کی بزرگ، جلیل القدر علمی شخصیت مفسر قرآن علامہ شیخ محسن علی نجفی ہیں جن کی علمی، رفاہی، فلاحی خدمات کے اجمالی تعارف کیلئے بھی کئی صفحات درکار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ کی طرف سے علامہ شیخ محسن علی نجفی کا نام بھی دیگر افراد کے ہمراہ سٹیٹ بینک کو ارسال کیا گیا جس کے بعد ان کے بینک اکاﺅنٹس منجمد کر دئیے گئے، انہیں فورتھ شیڈول میں شامل کیا گیا اور ان کا قومی شناختی کارڈ بھی معطل کر دیا گیا۔

حافظ ریاض نجفی نے واضح کیا کہ حکومتی ادارے، عوام اور دوسرے مسالک کی برگزیدہ شخصیات اچھی طرح جانتی ہیں کہ علامہ شیخ محسن علی نجفی نے کبھی بھی اپنی کسی تحریر، تقریر میں فرقہ وارانہ اشتعال انگیزی کی بات نہیں کی اور نہ ہی ان کا دہشتگردی سے دور کا بھی کوئی واسطہ ہے، ان کی علمی، رفاہی و فلاحی خدمات اظہر من الشمس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علامہ شیخ محسن علی نجفی ملک بھر کی بزرگ شخصیات پر مشتمل وفاق المدارس الشیعہ کی مجلس اعلیٰ کے سربراہ بھی ہیں، ان کی فورتھ شیڈول میں نامزدگی اور تازہ حکومتی اقدامات سے علمی و دینی حلقوں میں سخت تشویش اور عوامی حلقوں میں اضطراب پیدا ہوا ہے اور ملت جعفریہ کے علمی و عوامی حلقے برملا اس خدشہ کا اظہار کر رہے ہیں کہ علامہ شیخ محسن علی نجفی کیخلاف اس قدر توہین آمیز، بے بنیاد اقدامات کا مطلب ہے کہ کوئی شیعہ عالم دین اپنے آپ کو محفوظ نہ سمجھے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نوازشریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر علامہ شیخ محسن علی نجفی کا نام فورتھ شیڈول سے خارج کرکے ان کا قومی شناختی کارڈ اور منجمد بینک اکاونٹس بحال کئے جائیں۔ حافظ ریاض نے کہا کہ فورتھ شیڈول میں غلط طور پر شامل کئے گئے پرامن دیگر افراد کے ناموں کے اخراج کا بھی مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاق المدارس الشیعہ علامہ محسن نجفی کیساتھ ہونیوالی بدسلوکی پر 20 اکتوبر جمعرات کو پریس کانفرنس میں اپنے احتجاجی لائحہ عمل کا اعلان کرے گا۔
خبر کا کوڈ : 576879
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش