QR CodeQR Code

کراچی، خاتون اینکر صائمہ کنول کو تھپڑ مارنے والے ایف سی اہلکار کیخلاف مقدمہ درج

21 Oct 2016 17:51

اسلام ٹائمز: صائمہ کنول عوام کی مشکلات کے حوالے سے پروگرام کر رہی تھیں کہ اس دوران وہاں سیکیورٹی اہلکار نے کیمرہ مین کو ریکارڈنگ سے روکنے کی کوشش کی، جس پر خاتون اینکر نے ایف سی اہلکار کو ایسا کرنے سے منع کیا، جس پر اہلکار نے مشتعل ہو کر خاتون اینکر کو تھپڑ دے مارا۔


اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں نادرا کے دفتر کے باہر نجی ٹی وی کی خاتون اینکر صائمہ کنول کو تھپڑ مارنے والے ایف سی اہلکار کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں پیش آیا، جہاں نادرا آفس کے باہر نجی ٹی وی کی خاتون میزبان صائمہ کنول عوام کی مشکلات کے حوالے سے پروگرام کر رہی تھیں کہ اس دوران وہاں سیکیورٹی پر مامور ایف سی اہلکار نے کیمرہ مین کو ریکارڈنگ سے روکنے کی کوشش کی، جس پر خاتون اینکر نے ایف سی اہلکار کو ایسا کرنے سے منع کیا اور کچھ سخت جملے بھی کہے، جس پر اہلکار نے مشتعل ہو کر خاتون اینکر کو تھپڑ دے مارا۔ واقعے کے بعد صحافی برادری کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا ہے۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد مذکورہ ایف سی اہلکار کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جس میں ہوائی فائرنگ اور خاتون پر تشدد کرنے کی دفعات شامل ہیں۔ خاتون کو تھپڑ مارنے کے بعد وہاں موجود افراد شدید مشتعل ہو گئے تھے، جن کے غصے اور مارپیٹ سے بچنے کیلئے ایف سی اہلکار نے 18 گولیاں ہوائی فائر بھی کیں۔ دوسری جانب نادرا حکام کی جانب سے بھی خاتون اینکر صائمہ کنول کے خلاف کار سرکار میں مداخلت پر مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی گئی ہے۔


خبر کا کوڈ: 577284

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/577284/کراچی-خاتون-اینکر-صائمہ-کنول-کو-تھپڑ-مارنے-والے-ایف-سی-اہلکار-کیخلاف-مقدمہ-درج

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org