QR CodeQR Code

ڈی آئی خان، پولیس کی وردی میں ڈکیتیاں کرنیوالے ملزمان گرفتار

21 Oct 2016 20:36

اسلام ٹائمز: ملزم نے 20 جولائی کو تھانہ کینٹ کی حدود میں عوامی نشینل پارٹی کے امیدوار کے گھر میں اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ ملکر پولیس کی وردی میں ڈکیتی کی اور گھر سے لاکھوں روپے، رپیٹر اور انعامی بانڈز وغیرہ چھین کر لے گئے۔


اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں ایس ایچ او کینٹ محمد نواز نے پولیس کی وردیوں میں ڈکیتیاں کرنے والے خطرناک اشتہاری ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔ ڈی پی او یاسر آفریدی کی ہدایت پر ایس ایچ او کینٹ محمد نواز نے پولیس نفری کے ہمراہ کاروائی کرکے خطرناک اشتہاری ملزم جاوید بلوچ ولد محمد فضل سکنہ بستی عالم شیر حال نواب کو گرفتار کرکے اس سے ایک تیس بور پستول و دیگر اسلحہ برآمد کر لیا۔ ملزم نے 20 جولائی 2016 کو تھانہ کینٹ کے علاقہ توصیف آباد میں عوامی نشینل پارٹی کے امیدوار این اے 47 ایف آرز شاہی خان شیرانی کے گھر میں اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ ملکر پولیس کی وردی میں ڈکیتی کی، ڈکیتی کے دوران شاہی خان کے گھر سے لاکھوں روپے، رپیٹر اور انعامی بانڈز وغیرہ چھین کر لے گئے۔ پولیس نے اس کیس میں گرفتار ملزم سے مزید 40 ہزار روپے نقد بھی برآمد کئے۔

دوران تفتیش ملزم نے بتایا کہ ان کے گیارہ ساتھیوں نے مل کر یہ ڈکیتی کی۔ کینٹ پولیس نے اس ڈکیتی کے گیارہ میں سے آٹھ ملزمان اب تک گرفتار کرلئے ہیں۔ جن سے کافی برآمدگی بھی ہوچکی ہے، گرفتار ملزم نے دوران تفتیش پولیس کو بتایا کہ انہوں نے 3 جون 2016 کو بھی تھانہ کینٹ کی حدود میں دین پور میں قیوم نواز نامی شخص کے گھر پولیس کی وردیوں میں ڈکیتی کی اور وہاں سے بھی لاکھوں روپے اور سونے کے زیورات چوری کئے۔ پولیس نے اس کیس میں بھی ملزم سے دس ہزار روپے نقد برآمد کئے۔ ایس ایچ او کینٹ محمد نواز نے ڈرامائی انداز میں اسلم عرف جادوگر ولد ابراہیم کنیرا سکنہ تھویا فاضل کے قتل کیس کے اشتہاری ملزم تابش رمضان ولد شفقت علی سکنہ گلی نیم والی کو گرفتار کرلیا۔ اشتہاری ملزم تابش رمضان نے 18 مئی 2011 کو کچہ بند تھویا فاضل پر 42 سالہ اسلم کنیرا عرف جادو گر ولد ابراہیم سکنہ تھویا فاضل کو چھریوں کے وار کرکے قتل کیا اور آلہ قتل چھری چھوڑ کر فرار ہوگیا تھا۔ اس وقت پولیس نے آلہ قتل برآمد کیا تھا، تاہم ملزم اس وقت سے روپوش تھا، جس کو ایس ایچ او کینٹ نے ڈرامائی انداز میں گرفتار کیا۔ عوامی حلقوں نے اشتہاری ملزمان کی گرفتاری پر ڈی پی او یاسر آفریدی، ایس ایچ اوکینٹ محمد نواز اور پولیس ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔


خبر کا کوڈ: 577311

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/577311/ڈی-آئی-خان-پولیس-کی-وردی-میں-ڈکیتیاں-کرنیوالے-ملزمان-گرفتار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org