0
Friday 21 Oct 2016 23:29

میئر اور ڈپٹی میئر کو حلف لئے ہوئے دو ماہ مکمل ہوگئے لیکن شہر کراچی میں تبدیلی نظر نہیں آ رہی، فردوس شمیم نقوی

میئر اور ڈپٹی میئر کو حلف لئے ہوئے دو ماہ مکمل ہوگئے لیکن شہر کراچی میں تبدیلی نظر نہیں آ رہی، فردوس شمیم نقوی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کراچی ریجن کے صدر فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کے میئر اور ڈپٹی میئر کو حلف لئے ہوئے دو ماہ مکمل ہوگئے لیکن شہر کراچی میں تبدیلی نظر نہیں آ رہی، شہر ویسے ہی کچرے کی آماجگاہ بنا ہوا ہے، سیوریج کا نظام تباہ اور بلدیاتی مسائل میں روز بروز اضافہ بڑھتا جا رہا ہے، شہر کراچی میں جہاں تھوڑی بہت سڑکوں کی کارپیٹنگ ہو رہی ہے وہ بھی چیف منسٹر کے فنڈ سے ہو رہی ہے لیکن عوام کے مسائل کے حل میں بلدیاتی ادارے کہیں نظر نہیں آ رہے، اگر متحدہ قومی موومنٹ بلیک میلنگ کی آڑ میں اس قسم کی حرکتیں کرے گی اور شہر کی صفائی ستھرائی اور مسائل پر توجہ نہیں دیں گے تو ہم اس رویہ کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ یہ باتیں انہوں نے پارٹی سیکریٹریٹ ’’انصاف ہاؤس‘‘ نرسری میں صحافیوں کے ایک وفد سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔ فردوس شمیم نقوی نے مزید کہا کہ گورنر سندھ اور پی ایس پی کے سربراہ مصطفی کمال کی جانب سے جو شرمناک خبریں منظر عام پر آ رہی ہیں اس سے مزید شہر کے حالات ٹھیک ہوتے نظر نہیں آ رہے۔ ایک سوال کے جواب میں فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ وسیم اختر کے کیس میں روزانہ کی بنیاد پر عدالتی کاروائی ہونی چاہیئے تاکہ اس کیس کا جلد از جلد فیصلہ ہو سکے، ایم کیو ایم بلدیاتی مسائل حل نہ کرنے کی وجہ میئر کی گرفتاری کا بہانہ بنا رہی ہے، اگر ایم کیو ایم کے میئر اور ڈپٹی میئر نے شہر کے مسائل کے حل کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع نہیں کیا اور یہ بلیک میلنگ کا سلسلہ جاری رکھا تو عوام احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے اور تحریک انصاف اس عوامی احتجاج میں پیش پیش ہوگی کیونکہ لوگوں نے ووٹ اپنے مسائل کے حل کے لئے دیا تھا سیاسی مصلحت یا ذاتی مفادات کے لئے نہیں دیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 577341
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش