0
Sunday 23 Oct 2016 18:31

عوام بریانی اور حلیم بیچے کیونکہ نواز حکومت روزگار نہیں دیگی، خورشید شاہ کا مشورہ

عوام بریانی اور حلیم بیچے کیونکہ نواز حکومت روزگار نہیں دیگی، خورشید شاہ کا مشورہ
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ عمران خان نے انا پرستی اور غلط سیاست سے نواز حکومت کو مضبوط کیا، اس وقت وزیراعظم نواز شریف کے سب بڑے خیر خواہ چئیرمین تحریک انصاف ہی ہیں۔ سندھ کے ضلع سکھر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ملک میں بے روزگاری نے تباہی مچا رکھی ہے اور نواز حکومت کی جانب سے غریبوں کی مدد کی ڈگڈگی بجائی جا رہی ہے، عوام کو مجبوراً کہتا ہوں کہ بریانی اور حلیم بیچو، کیونکہ یہ حکومت روزگار نہیں دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم آگے جانے کے بجائے پیچھے جا رہے ہیں، پہلے کوئی خوف نہیں تھا، لیکن اب ملکی حالات دیکھ کر خوف آتا ہے، ایسی صورتحال میں ہم حکومت کو کندھا دینے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ خورشید شاہ نے بتایا کہ 2 روز قبل وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملنے کی خواہش کا اظہار کیا اور یہ پیغام خواجہ سعد رفیق نے پہنچایا تھا، سیاست میں بات چیت سے انکار جمہوریت کی نفی ہوگی، لیکن ہم نے حکومت پر واضح کر دیا ہے کہ وہ چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زردای کے دیئے گئے 4 نکات پر کرنا چاہتی ہے تو ہم بھی تیار ہیں، اور اگر نکات نہ مانے گئے تو پھر ہم بھی ایک لانگ مارچ کریں گے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ہماری جماعت ڈبل گیم نہیں کھیلتی، لیکن عمران خان نے اچھی گیم کھیلی ہے اور وہ اس گیم میں گرفتار بھی ہو سکتے ہیں، پھر کہیں گے کہ ہم جیت گئے اور اگر 2 نومبر کا احتجاج فلاپ ہو گیا تو پھر جواب کون دے گا، عمران خان کی انا پرستی اور غلط سیاست نے حکومت کو مضبوط کر دیا ہے، اس وقت عمران خان ہی نواز شریف کے سب سے بڑے ہمدرد اور خیر خواہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اندرونی و بیرونی معاملات پر بات چیت ہی مسئلے کا حل ہے، دھرنوں کے علاوہ بہت سے راستے ہیں اور پارلیمنٹ بھی موجود ہے۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد بند کرنا کسی کے حق میں نہیں راستے بند کرنا اور زبردستی اپنی بات منوانا مناسب نہیں، ہم نے کبھی تشدد کی سیاست کی اور نہ ایسا احتجاج کیا، جس سے عوام کو مشکلات پیش آئی ہوں، کیونکہ سیاستدانوں کا کام تکلیف دینا نہیں بلکہ ریلیف دینا ہے۔
خبر کا کوڈ : 577865
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش