QR CodeQR Code

فاٹا میں تین روزہ پولیو مہم کل سے شروع ہو گی

23 Oct 2016 21:33

اسلام ٹائمز: مہم میں فاٹا کے پانچ سال سے کم عمرکے1068347 بچوں کو پولیو کے قطرے پلوا ئے جائیں گے۔ کُل 4109 ٹیمیں پولیو کے قطرے پلوانے کا کام سرانجام دیں گی، جن میں 3711 موبائل، 296 فکسڈ اور 102 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں


اسلام ٹائمز۔ پولیو کا عالمی دن اکتوبر 24 کو عالمی سطح پر منایا جا رہا ہے۔ فاٹا میں اس دن کو سیمینارز، جلسوں اور دیگر عوامی سرگرمیوں کی صورت میں منایا جائے گا۔ جس میں ہر بار ہر بچے کو پولیو کے قطرے پلوانے کی تلقین کی جائے گی۔ ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) فاٹا کے کوارڈینیٹر شکیل قادر خان نے پولیو کے عالمی دن کے پیغام میں والدین اور دیکھ بھال کرنے والوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا ”صحت محافظ (پولیو کارکنان) جب آپ کے گھر دستک دیں تو ان کے ساتھ تعاون کریں۔ اپنے بچوں کو پولیو قطرے ضرور پلوائیں۔ ہمیں اجتمائی طور پر کارکردگی میں بہتری کے تسلسل کے اصول کے تحت اہم سنگ میل طے کرنا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ فاٹا میں 2014 سے 2016 تک بے مثال کامیابی کا سفر طے کیا اور پولیو کیسز کی تعداد 179 سے کم کر کے اس سال صرف 2 کیسز تک محدود رکھنے میں کامیابی ملی۔

فاٹا میں پیر 24 اکتوبر 2016 سے تین روزہ انسداد پولیو مہم بھی شروع کر دی جائے گی۔ پولیٹیکل ایجنٹس، کمشنرز، نیم فوجی اور فوجی دستوں کی سرپرستی اور فراہم کی گئی سکیورٹی میں تین روزہ انسداد پولیو مہم 24 اکتوبر سے 26 اکتوبر 2016 تک جاری رہے گی۔ جس کے بعد رہ جانے والے بچوں کو پولیو کے قطرے پلوانے اور سرویلنس کا کام جاری رکھا جائے گا۔ مہم میں فاٹا کے پانچ سال سے کم عمرکے1068347 بچوں کو پولیو کے قطرے پلوا ئے جائیں گے۔ کُل 4109 ٹیمیں پولیو کے قطرے پلوانے کا کام سرانجام دیں گی، جن میں 3711 موبائل، 296 فکسڈ اور 102 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں۔ رواں سال فاٹا سے اب تک صرف دو (2) پولیو کیسز جنوبی وزیرستان ایجنسی سے رپورٹ ہوئے۔ دونوں پولیو کیسز ضرب عضب آپریشن کے نتیجے میں عارضی طور پر بے گھر افراد اورخاندان (ٹی ڈی پیز) کی حالیہ افغانستان سے واپسی کے موقع پر سامنے آئے جبکہ رواں سال پاکستان میں اب تک کل پولیو کیسز کی تعداد 15 رہی جو 11 اضلاع سے سامنے آئے۔


خبر کا کوڈ: 577912

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/577912/فاٹا-میں-تین-روزہ-پولیو-مہم-کل-سے-شروع-ہو-گی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org