QR CodeQR Code

تحریک انصاف کے 2 نومبر کے دھرنے سے سسٹم کو خطرہ ہو سکتا ہے، خورشید شاہ

26 Oct 2016 19:32

اسلام ٹائمز: حیدرآباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ سیاست میں سب کو احتجاج کا حق ہے، لیکن احتجاج ایسی صورت اختیار نہ کرے کہ جس سے جانوں کو نقصان پہنچے، پیپلز پارٹی پارلیمنٹ پر یقین رکھتی ہے، لہٰذا مسائل پارلیمنٹ میں حل ہونے چاہئیں۔


اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ سیاست میں احتجاج کا حق سب کو حاصل ہے، لیکن موجودہ صورتحال سے سسٹم کو خطرہ ہو سکتا ہے۔ سندھ کے ضلع حیدرآباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا کہ سیاست میں سب کو احتجاج کا حق ہے، لیکن احتجاج ایسی صورت اختیار نہ کرے کہ جس سے جانوں کو نقصان پہنچے، اس لئے عمران خان بھی کارکنوں کو آخری حد تک نہ لے کر جائیں، کیونکہ کارکنان کا تحفظ بھی ان کی ذمہ داری ہے، جبکہ نواز حکومت بھی احتجاج میں تشدد کا ماحول نہ بنائے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک سنگین حالات سے گزر رہا ہے اور تحریک انصاف کے 2 نومبر کے دھرنے سے سسٹم کو خطرہ ہو سکتا ہے۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے 3 ڈکٹیٹروں سے جنگ لڑی، لیڈرز نے اپنی جان دی اور کوڑے کھائے، لیکن کارکنوں کا نقصان نہیں ہونے دیا، جبکہ پیپلز پارٹی پارلیمنٹ پر یقین رکھتی ہے، لہٰذا مسائل پارلیمنٹ میں حل ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ میں عمران خان کی سوچ اور خیالات سے بہت آگے ہوں اور الزامات لگتے رہتے ہیں، عمران پر بھی الزامات لگے ہیں، جبکہ میرے خلاف آج تک کوئی ثابت نہیں ہوا۔


خبر کا کوڈ: 578641

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/578641/تحریک-انصاف-کے-2-نومبر-دھرنے-سے-سسٹم-کو-خطرہ-ہو-سکتا-ہے-خورشید-شاہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org