QR CodeQR Code

نیشنل ایکشن پلان کے نام پر پوری قوم کو بیوقوف بنایا جارہا ہے، علامہ رمضان توقیر

27 Oct 2016 13:11

اسلام ٹائمز: کوٹلی امام حسین (ع) ڈی آئی خان میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیعہ علماء کونسل کے مرکزی نائب صدر نے کہا ہے کہ وزارت داخلہ اگر دہشتگردوں کے سہولتکاروں کی سہولتکار بن جائے تو کوئٹہ جیسے سانحات حیرتناک نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ رمضان توقیر نے کہا ہے کہ وزارت داخلہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کی سہولت کار بن جائے تو پولیس ٹرینگ ہاسٹل کوئٹہ جیسے سانحات رونما ہونا حیرت ناک بات نہیں۔ نیشنل ایکشن پلان کا رخ تبدیل کر دیا گیا ہے، وفاقی حکومت کی طرف سے دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو پروٹوکول دیا جا رہا ہے اور پوری قوم کو نیشنل ایکشن پلان کے نام پر بےوقوف بنایا جا رہا ہے۔ جامعتہ النجف کوٹلی امام حسین (ع) میں میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے علامہ رمضان توقیر نے کہا کہ پاک فوج و سکیورٹی فورسز کی طرف سے لازوال قربانیاں پیش کرکے ملک میں دہشت گردوں کے خلاف بڑا آپریشن کیا گیا، جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں، لیکن دہشت گردی کو مکمل ختم کرنے کے لیے نیشنل ایکشن پلان پر من و عن عمل درآمد کے بغیر مکمل امن و امان کا خواب دیکھنا غلط ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے مطابق دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے خلاف کاروائی نہ کرنے کے نتائج المناک سانحات کی شکل میں سامنے آ رہے ہیں۔

سانحہ کوئٹہ نے پوری قوم کو رنجیدہ کر دیا ہے اور درجنوں نوجوانوں کی شہادت ایک ناقابل تلافی نقصان ہے جبکہ ایک سو سے زائد زخمی نوجوانوں کی مکمل صحت یابی کے لیے پوری قوم دعا گو ہے۔ انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نیشنل ایکشن پلان کا رخ تبدیل کرکے پاکستان دوست و امن دوست شخصیات کو بھی دہشت گردوں کی لسٹ میں رکھ کر بیلنس کی عجیب پالیسی اختیار کر رہی ہے۔ انھوں نےکہا کہ اہل تشیع کو پورے ملک میں دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا لیکن اہل تشیع نے ہمیشہ وطن دوستی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صبر سے کام لیا اور قانون پر عملدرآمد کرنے والے اداروں سے امیدیں وابستہ کیں۔ انھوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر من و عن عمل درآمد نہ ہونا قابل تشویش ہے۔


خبر کا کوڈ: 578811

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/578811/نیشنل-ایکشن-پلان-کے-نام-پر-پوری-قوم-کو-بیوقوف-بنایا-جارہا-ہے-علامہ-رمضان-توقیر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org