0
Thursday 27 Oct 2016 20:55

وزیراعظم غیر قانونی حربے استعمال کر رہے ہیں، دو نومبر کو پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا، عمران خان

وزیراعظم غیر قانونی حربے استعمال کر رہے ہیں، دو نومبر کو پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی نے ملک کو اتنا نقصان نہیں پہنچایا جتنا نواز شریف نے پہنچایا، احتجاج قوم کا قانونی اور آئینی حق ہے، پاکستان کی آدھی آبادی دو وقت کی روٹی نہیں کھا سکتی، پنجاب پولیس کے ہاتھوں پر ماڈل ٹاؤن کے شہدا کا خون ہے۔ بنی گالا میں ساتھیوں کے ساتھ مشاورت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کسی شخص نے کبھی پاکستان کو اتنا نقصان نہیں پہنچایا جتنا نواز شریف نے پہنچایا کیوں کہ انہوں نے کرپشن کرنے کے لیے سارے ادارے تباہ کر دیے، کیا کوئی ادارہ نواز شریف کا احتساب کرے گا۔ عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم ہم پر غیر قانونی حربے استعمال کر رہے ہیں، 2 نومبر کے دھرنے کا ٹریلر لال حویلی میں دیکھا جا سکے گا۔ عمران خان نے پنجاب پولیس کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ہاتھوں پر پہلے ہی ماڈل ٹاؤن کے شہدا کا خون ہے، عمران خان نے سوال کیا کہ ڈھائی کروڑ بچے اسکولوں میں نہیں جا رہے، کیا وہ اس ملک کے بچے نہیں ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا کس قانون کے تحت کارکنوں کو گرفتار کیا گیا، خواتین کارکنوں کو ڈنڈے مارے گئے، ہائی کورٹ نے ہمیں پرامن احتجاج کی اجازت دی، اگر مجھے جیل میں ڈالتے ہیں تو کتنی دیر رکھیں گے جب تک زندہ ہوں احتجاج کروں گا۔ عمران خان نے مزید کہا احتجاج کی شدت بڑھتی جائے گی، تیس سال سے حکمران ملک کا پیسہ کھا رہے ہیں اور وزیراعظم اپنا پیسہ بچانے کے لیے سب کچھ کر رہا ہے، بتایا جائے جمہوریت کو کون نقصان پہنچا رہا ہے؟۔ ان کا مزید کہنا تھا ابھی تو احتجاج شروع نہیں ہوا تھا صرف نوجوان جمع ہوئے تھے اگر یہی رویہ رہا تو دو نومبر کو کچھ اور ہی ماحول ہو گا۔ عمران خان نے کہا سپریم کورٹ نے بھی کہا ملک میں جمہوریت نہیں بادشاہت ہے، حکمرانوں کی سوچ ہی آمرانہ ہے اور کارکن اس وقت غصے میں ہیں نقصان حکومت کا ہو گا۔ واضح رہے اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کا یوتھ کنونشن جاری تھا کہ وہاں پولیس نے چھاپہ مارا اور کارکنوں پر لاٹھی چارج شروع کر دیا اور متعدد کارکنوں کو پولیس وینز میں ڈال کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔
خبر کا کوڈ : 578965
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش