0
Thursday 27 Oct 2016 21:00

اپوزیشن جماعتوں کی پی ٹی آئی کے کارکنوں پر پولیس تشدد کی پرزور مذمت

اپوزیشن جماعتوں کی پی ٹی آئی کے کارکنوں پر پولیس تشدد کی پرزور مذمت
اسلام ٹائمز۔ اسلام آباد میں ہونے والے پی ٹی آئی کے ورکرز کنونشن پر پولیس کی جانب سے دھاوا بولنے کے اقدام کی متعدد اپوزیشن رہنماؤں کی جانب سے پرزور مذمت کی گئی ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پرتشدد اقدام حکومت کے خوفزدہ ہونے کی علامت ہے۔ مسلم لیگ قاف کے رہنماء چودھری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ پرامن احتجاج تمام سیاسی جماعتوں کا حق ہے۔ پاک سرزمین پارٹی کے رہنماء سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پرامن سیاسی کارکنوں پر تشدد جمہوریت اور جمہوری روایات کے خلاف ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پرامن احتجاج ہر سیاسی جماعت کا حق ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گرفتار کارکنوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی پی پی کے رہنماء قمر زمان کائرہ نے کہا کہ حکومت کے پرتشدد اقدامات سے ملک کا نقصان ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے ہال کے اندر کارکنوں پر تشدد کیا گیا، دوسروں سے پہلے خود حکومت نے اسلام آباد کو بند کرنا شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے بھی حکومت کو سمجھایا تھا کہ حکومت کا کام راستہ بند کرنا نہیں راستہ پیدا کرنا ہوتا ہے، حکومتی تشدد کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ اپوزیشن نے پارلیمان میں بل پیش کیا ہے، اپوزیشن کے فیصلے پر عمل کر کے آگے بڑھنا آسان راستہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ طاقت کا استعمال کرنے والوں کے ہاتھ میں پھر طاقت نہیں رہتی، یہ لازم نہیں کہ ہر بار حکومت لڑ کر جیت جائے۔ قمر زمان کائرہ نے مزید کہا کہ حکومت کو ہوش کے ناخن لینے ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا یہی مزاج رہا ہے کہ ہر ادارے سے لڑا جائے۔
خبر کا کوڈ : 578966
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش