QR CodeQR Code

علامہ شیخ محسن نجفی کا نام فورتھ شیڈول میں شامل کرنا علم دشمنی، دہشت گردوں کی حوصلہ افزائی ہے، علامہ نیاز نقوی

27 Oct 2016 20:59

اسلام ٹائمز: جامعہ المنتظر لاہور میں علما کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی نائب صدر کا کہنا تھا کہ شریف شہریوں کو فورتھ شیڈول میں شامل کرنے سے سکیورٹی اداروں اور حکومت کی ناقص معلومات اور کارگردگی کا بھانڈا پھوٹ گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ قاضی نیاز حسین نقوی نے کہا ہے کہ استاد العلما علامہ شیخ محسن نجفی اور دیگر علما کے نام فورتھ شیڈول میں شامل کرنا علم دشمنی اور دہشت گردوں کی حوصلہ افزائی کے مترادف ہے، جسے ملت جعفریہ کو دیوار سے لگانے کا اقدام سمجھتے ہیں۔ جامعتہ المنتظر لاہور میں علما کے وفود سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف، آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان کو مفسر قرآن علامہ شیخ محسن علی نجفی کا نام فورتھ شیڈول میں شامل کرنے کے غیر آئینی اقدام کا نوٹس لینا چاہیے۔ حکومت بدقسمتی سے ابھی اتک چپ سادھے ہوئے ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ شریف شہریوں کو فورتھ شیڈول میں شامل کرنے سے سکیورٹی اداروں اور حکومت کی ناقص معلومات اور کارگردگی کا بھانڈا پھوٹ گیا ہے۔ علامہ نیاز نقوی نے کہا کہ کسی پرامن شہری کا قومی شناختی کارڈ معطل اور بینک اکاونٹس منجمد کرنا اس کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ ہم حیران ہیں کہ چھوٹے چھوٹے ایشوز پر بات کرنے والی انسانی حقوق کی تنظیمیں علما کے نام دہشت گردوں کے ساتھ فورتھ شیڈول میں ڈالنے پر خاموش کیوں ہیں؟

انہوں نے کہا کہ رئیس الوفاق المدارس الشیعہ علامہ حافظ ریاض حسین نجفی نے وزیر اعظم، چیف آف آرمی سٹاف، ڈی جی آئی ایس آئی، وفاقی وزیرداخلہ اور کمشنر اسلام آباد کو خطوط کے ذریعے اس اقدام کی طرف متوجہ کرچکے ہیں اور مطالبہ کیا ہے کہ علامہ محسن علی نجفی کا نام فورتھ شیڈول سے نکال کر ان کے بینک اکاونٹس اور شناختی کارڈ بحال کئے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی ایکشن پلان کو تمام محب وطن حلقوں نے سراہا ہے، مگر پرامن شہریوں کے خلاف استعمال کرکے متنازع بنایا جا رہا ہے، جو کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے خلاف سازش ہے۔ علامہ نیاز نقوی نے واضح کیا کہ حکومتی ادارے، عوام اور دوسرے مسالک کی برگزیدہ شخصیات اچھی طرح جانتی ہیں کہ علامہ شیخ محسن علی نجفی نے کبھی بھی اپنی کسی تحریر، تقریر میں فرقہ وارانہ اشتعال انگیزی کی بات نہیں کی اور نہ ہی ان کا دہشت گردی سے دور کا کوئی واسطہ ہے، ان کی علمی، رفاہی و فلاحی خدمات سب کے سامنے ہیں۔ وہ وفاق المدارس الشیعہ کی مجلس اعلیٰ کے سربراہ بھی ہیں، ان کی فورتھ شیڈول میں نامزدگی اور تازہ حکومتی اقدامات سے علمی و دینی حلقوں میں سخت تشویش اور عوامی حلقوں میں اضطراب پیدا ہوا ہے۔


خبر کا کوڈ: 578967

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/578967/علامہ-شیخ-محسن-نجفی-کا-نام-فورتھ-شیڈول-میں-شامل-کرنا-علم-دشمنی-دہشت-گردوں-کی-حوصلہ-افزائی-ہے-نیاز-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org