0
Thursday 27 Oct 2016 21:23

ہم تحریک انصاف دھرنے کی کامیابی کے لئے دعاگو ہیں، لیاقت بلوچ

ہم تحریک انصاف دھرنے کی کامیابی کے لئے دعاگو ہیں، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان تحریک کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔ جماعت اسلامی نے کرپشن کے خلاف جس تحریک کا آغاز کیا تھا آج ملک کی تمام سیاسی جماعتیں چاہتے اور نہ چاہتے ہوئے بھی اس کی تقلید کر رہی ہیں۔ ہم تحریک انصاف دھرنے کی کامیابی کے لئے دعاگو ہیں، اگر حکومت نے بزور قوت دھرنے کو روکنے کی حماقت کی تو یہ اس کے گلے پڑ جائے گا اور پھر حکومت کا جانا ٹھہر جائے گا۔ جماعت اسلامی پنجاب کا اجتماع ارکان اور 30 اکتوبر کو کرپشن مٹائو پاکستان بچائو مارچ کرپشن کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وحدت روڈ گرائونڈ میں اجتماع کی تیاریوں کے جائزہ اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد، ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید وقاص انجم جعفری، ناظم اجتماع ذکر اللہ مجاہد، نذیر احمد جنجوعہ اور اجتماع کی انتظامی کمیٹیوں کے ناظمین بھی موجود تھے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی کا کرپشن ختم کرنے کا محض نعرہ نہیں بلکہ ہماری قیادت اور کارکنان نے ملک میں اپنی امانت و دیانت کا لوہا منوایا ہے اور ہمارا کوئی بدترین مخالف بھی ہمارے دامن پر کرپشن کا کوئی دھبہ نہیں دکھا سکتا۔ کرپشن کے میگا سکینڈلز کی کسی لسٹ میں جماعت اسلامی کے کسی فرد کا نام نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے پانامہ لیکس کے انکشاف سے بہت پہلے کرپشن کے خلاف تحریک کا آغاز کر دیا تھا پانامہ لیکس تو اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہماری اس تحریک کی کامیابی کیلئے غیبی امداد ہے۔ آج اگر ملک کی سیاسی جماعتیں کرپشن کے خلاف میدان میں ہیں اور ملک کا ہر فرد کرپشن کے خاتمہ کا مطالبہ کر رہا ہے تو یہ جماعت اسلامی کی اس تحریک کی کامیابی ہے اور ہمیں امید ہے کہ اب وہ دن دور نہیں جب عوام کرپٹ ٹولے کو گریبانوں سے پکڑ کر اقتدار کے ایوانوں سے نکال باہر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے کرپشن کی جڑیں کاٹنے کیلئے ایک صبر آزما جدوجہد کی ہے اور یہ اجتماع بھی اسی سلسلہ کی کڑی ہے۔ اس سے قبل ہم نے کرپشن کے خلاف بلوچستان اور خیبر پختونخواہ میں بڑی کامیابی سے اجتماعات منعقد کئے ہیں جن میں عوام نے لاکھوں کی تعداد میں شریک ہوکر جماعت اسلامی کی اس تحریک کا ساتھ دینے کا عہد کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 578973
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش