0
Thursday 27 Oct 2016 21:47

مغربی طاقتیں شام میں سرگرم دہشتگردوں کو اپنے سیاسی اہداف کیلئے استعمال کر رہی ہیں، ولادیمیر پیوٹن

مغربی طاقتیں شام میں سرگرم دہشتگردوں کو اپنے سیاسی اہداف کیلئے استعمال کر رہی ہیں، ولادیمیر پیوٹن
اسلام ٹائمز۔ فارس نیوز ایجنسی کے مطابق روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے مغربی ممالک کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ شام میں سرگرم دہشت گرد عناصر کو اپنے سیاسی اہداف کے حصول کیلئے استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مغربی طاقتوں نے سابق سوویت یونین کا مقابلہ کرنے کیلئے افغانستان میں شدت پسند اسلامی نیم فوجی گروہ تشکیل دیئے، جو اس وقت دنیا بھر میں بدامنی اور سکیورٹی بحران کا باعث بنے ہوئے ہیں۔ روسی صدر نے مغربی ممالک کی جانب سے روس کے خلاف اقتصادی پابندیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مغربی ممالک اس وہم کا شکار ہیں کہ روس دیگر ممالک پر فوجی حملہ کر دے گا، جبکہ ایسے وہم کی کوئی منطقی وجہ اور بنیاد نہیں پائی جاتی۔ ولادیمیر پیوٹن نے شام میں جاری بدامنی کے بارے میں کہا کہ ہم شام میں مغربی طاقتوں کی طرف سے دہشت گرد عناصر کے خلاف کوئی موثر اقدام نہیں دیکھ رہے۔ روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ بعض مغربی ممالک نے شام میں سرگرم دہشت گرد گروہوں کی فوجی مدد کی ہے اور انہیں اسلحہ اور ٹریننگ فراہم کی ہے، کیونکہ وہ ان عناصر کے ذریعے اپنے سیاسی اہداف حاصل کرنے کے درپے ہیں۔ انہوں نے ان مغربی ممالک کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں جان لینا چاہئے کہ ان کا یہ اقدام انتہائی نادرست ہے، کیونکہ شدت پسند گروہ ان سے کہیں زیادہ چالاک اور طاقتور ہیں۔

ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ مغربی ممالک نے تاحال شام میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کیلئے کوئی مشترکہ پلیٹ فارم تشکیل نہیں دیا اور اب تک انہوں نے جو اقدامات بھی انجام دیئے ہیں، وہ مشرق وسطٰی میں قتل و غارت اور بدامنی کا باعث بنے ہیں۔ روسی صدر نے کہا کہ مغربی ممالک نے ہماری جانب سے دہشت گردی کے خلاف وسیع تر اتحاد قائم کرنے کی پیشکش کو مسترد کر دیا جبکہ شام کے مسئلے میں امریکہ سے مفاہمت کی ہماری تمام کوششیں بے سود ثابت ہوئی ہیں۔ روسی صدر نے اپنی تقریر میں امریکی حکام کی جانب سے روس پر لگائے گئے اس الزام کی طرف اشارہ بھی کیا کہ وہ آئندہ امریکی صدارتی انتخابات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیا امریکی حکام سچ مچ یہ تصور کرتے ہیں کہ ہم امریکی صدارتی انتخابات پر اثر انداز ہوسکتے ہیں؟ کیا امریکی جمہوریت اس قدر گئی گزری ہے؟ ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ امریکی حکام کیلئے اپنی عوام کے مسائل حل کرنا اس سے کہیں زیادہ آسان ہے کہ وہ روس پر سائبر حملوں کے الزامات عائد کرتے رہیں اور عوام کے ذہن کو اس طرح مصروف کرنے کی کوشش کریں۔
خبر کا کوڈ : 578978
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش