0
Thursday 27 Oct 2016 22:02

لاہور، موچی گیٹ دھماکے کی تحقیقات نے نیا رخ اختیار کرلیا، شواہد جمع کرنے کا کام جاری

لاہور، موچی گیٹ دھماکے کی تحقیقات نے نیا رخ اختیار کرلیا، شواہد جمع کرنے کا کام جاری
اسلام ٹائمز۔ لاہور کے علاقے اندرون موچی گیٹ کے گنجان آباد حصے میں دھماکہ کا معاملہ مزید حساس ہو گیا، گرنیوالے مکانوں کے ملبے سے دستی بم، اسلحہ اور بارودی مواد برآمد ہونے پر تحقیقات نے نیا رخ اختیار کر لیا ہے۔ تحقیقاتی ٹیموں نے جائے حادثہ سے دوسرے روز بھی شواہد اکٹھے کئے۔ مالک مکان کی شاہ عالم مارکیٹ میں 3 دکانیں بھی سربمہر کر دی گئیں۔ منگل اور بدھ کی درمیانی شب اندرون موچی گیٹ کے محلہ چہل بیبیاں میں مقیم عمران مصدی کے گھر دستی بم پھٹنے سے ان کی عمارت سمیت ملحقہ 3 مکان بھی منہدم ہو گئے۔ ملبے تلے دب کر مالک مکان کا بیٹا افضل جاں بحق اور خواتین اور بچوں سمیت 18 افراد زخمی ہو گئے تھے۔ ریسکیو ٹیموں نے ملبے سے دستی بم، گولیاں اور بارودی مواد برآمد ہونے پر تحقیقات کا دائرہ کار بڑھا دیا تھا۔ آج دوسرے روز بھی سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ اور دیگر قانون نافذ کرنے اداروں کے اہلکار جائے حادثہ سے شواہد اکٹھے کرتے رہے۔

تحقیقاتی ٹیموں کے مطابق اب تک ملبے سے 12 دستی بم، دستی بموں کی پانچ اسمبلیاں، پستول اور شارٹ مشین گن کی گولیوں سمیت بارودی مواد بھی برآمد ہو چکا ہے، جسے تجزیئے کیلئے فرانزک لیبارٹری بھجوا دیا گیا ہے۔ تحقیقاتی ٹیموں نے تفتیش کا دائرہ بڑھاتے ہوئے مالک مکان کی شاہ عالم مارکیٹ میں ہوزری کی 3 دکانیں بھی سِیل کر دی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ اور والڈ سٹی اتھارٹی کی معاونت سے ملبہ ہٹانے کا کام بھی جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق برآمد ہونیوالے دستی بموں اور بارودی مواد کی فرانزک رپورٹ سامنے آنے پر مزید حقائق کا پتہ چلے گا۔ دوسری جانب تحقیقاتی ٹیموں نے مالک مکان کے بیٹے کی ہلاکت کے باعث اہلخانہ کے کسی فرد کو گرفتار کیا ہے اور نہ ہی بیانات قلمبند کئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ملبے تلے دب کر مرنے والے افضل کی تدفین کے بعد زخمیوں اور اہلخانہ کے بیانات قلمبند کرکے انہیں شامل تفتیش کیا جائے گا۔ تحقیقاتی ذرائع کے مطابق دستی بم اور بارودی مواد گھر لے جانے والوں کی گرفتاری بھی جلد متوقع ہے۔
خبر کا کوڈ : 578981
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش