0
Saturday 29 Oct 2016 18:17

سی پیک و دیگر منصوبوں کو کامیاب کرنے کیلئے بلوچوں کے خون سے ہولی کھیلی جا رہی ہے، اختر مینگل

سی پیک و دیگر منصوبوں کو کامیاب کرنے کیلئے بلوچوں کے خون سے ہولی کھیلی جا رہی ہے، اختر مینگل
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کے صدر اور سابق وزیراعلٰی بلوچستان سردار اختر جان مینگل نے کہا کہ بلوچستان ایک کالونی ہے، مقتدر حلقوں کے نزدیک یہاں کے لوگ انسان نہیں ہیں، قومی و صوبائی اسمبلی کی سیٹیں آبادی کے حساب سے بڑھائی جاتی ہیں لیکن بلوچستان میں تو آبادی کو کم کرنے والی پالیسی کو اپنایا گیا ہے اور ہر روز دس سے پندرہ لوگوں کی لاشیں ملتی ہیں، ان حالات میں سیٹوں میں اضافہ کیسے ممکن ہوتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی رہنما میر نذیر احمد کی رہائش گاہ میں زمیندار ایکشن کمیٹی اور دیگر وفود اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ بی این پی کے مرکزی صدر سردار اختر جان مینگل نے کہا کہ بلوچستان کو ہر حوالے سے پسماندہ رکھا جارہا ہے اور زرعی شعبہ بھی حکومتوں کی عدم توجہی کا شکار ہے اور زراعت پیشہ افراد اپنی مدد اپ کے تحت تمام مشکلات کو فیس کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو بلوچستان کے لوگوں سے کوئی غرض نہیں ہے، ان کے نزدیک یہاں کے عوام انسان ہی نہیں ہیں تو وہ کیسے ان کے مسائل و مشکلات پر توجہ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حیثیت ایک کالونی کی ہے، سی پیک اور دیگر منصوبوں کو کامیاب بنانے کیلئے بلوچوں کے خون سے ہولی کھیلی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ٹریننگ سنٹر واقعہ حکومت کی بدتریں غفلت اور نااہلی کا نتیجہ ہے، جس سے 65 کے قریب جوان شہید ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں میں اضافہ آبادی کے تناسب سے ہوتا ہے اور بلوچستان میں آبادی بڑھنے کی بجائے کم ہو رہی ہے، روزانہ یہاں دس سے پندرہ لوگوں کی لاششیں ملتی ہیں تو یہ کیسے ممکن ہے کہ ہماری سیٹوں میں اضافہ ہوجائے۔ بی این پی کے سربراہ نے کہا کہ الیکٹرونکس میڈیا کا کردار بلوچستان کے عوام سے امتیازی ہے، بلوچستان میں سیاسی سماجی سرگرمیوں کو بھی کور نہیں کرتے، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ملکی میڈیا بلوچستان کو جانتا تک نہیں ہے۔ انہوں نے پنجگور کے زمینداروں کو اپنی پارٹی کی طرف سے ہر ممکن تعاوں کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ زیر زمین پانی کو محفوظ بنانے کے لئے ڈیموں کی تعمیر ضروری ہے، اس کے بغیر پانی کے بحران پر قابو پانا مشکل ہے ۔
خبر کا کوڈ : 579477
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش