QR CodeQR Code

کے پی کے میں گورنر راج لگانے کا آئینی راستہ موجود ہے، اسحاق ڈار

1 Nov 2016 00:11

اسلام ٹائمز: اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ پانامہ لیکس کا وزیر اعظم سے کوئی تعلق نہیں۔ ہم اس مسئلہ پر تمام قانونی تقاضے پورے کئے تاہم بعض جماعتیں اس مسئلہ کو حل نہیں کرنا چاہتیں، اور یہ دیکھنا ہوگا کہ یہ کس کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ کے پی کے میں گورنر راج لگانے کا آئینی راستہ موجود ہے۔ ماضی میں وزیراعظم نے راستہ اختیار کرنے سے اجتناب کیا۔ کہتے ہیں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع اور تعیناتی وزیر اعظم کی صوابدید ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کے پی کے میں گورنر راج لگانے کے ایک سوال پر کہا کہ گورنر راج کا آئینی آپشن موجود ہے تاہم وزیر اعظم کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ یہ آئینی آپشن استعمال نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نون لیگ 2013ء کے انتخابات کے بعد مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ملکر حکومت بنا سکتے تھے تاہم وزیر اعظم نے صوبے میں اکثریت حاصل کرنے والے جماعت کو حکومت بنانے کا موقع دیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پانامہ لیکس کا وزیر اعظم سے کوئی تعلق نہیں۔ ہم اس مسئلہ پر تمام قانونی تقاضے پورے کئے تاہم بعض جماعتیں اس مسئلہ کو حل نہیں کرنا چاہتیں، اور یہ دیکھنا ہوگا کہ یہ کس کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔ آرمی چیف کی تعیناتی یا توسیع کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ وزیر اعظم کی صوابدید ہے۔ وزیر خزانہ نے نومبر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے، برآمدکندگان کو سات دن کے اندر 25 ارب روپے کے ریفنڈ ادا کرنے اور انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں پندرہ دن کی توسیع کے اعلانات بھی کئے۔ ایف سی کی تنخواہوں میں اضافے اور اسلام آباد پولیس کےگریڈ بڑھانے کے فیصلوں کا دفاع کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ یہ سیاسی فیصلہ نہیں بلکہ یہ انکا حق ہے۔


خبر کا کوڈ: 580028

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/580028/کے-پی-میں-گورنر-راج-لگانے-کا-آئینی-راستہ-موجود-ہے-اسحاق-ڈار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org