QR CodeQR Code

اسلام آباد کو اکھاڑا بناکر ملک کو عدم استحکام کی طرف لے جایا جا رہا ہے، علامہ ناظر عباس تقوی

1 Nov 2016 19:48

اسلام ٹائمز: ایک بیان میں ایس یو سی سندھ کے صدر نے کہا کہ حکومت اور سیاسی جماعتوں کو چاہیئے کہ سیاسی رسہ کشی کے بجائے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے کسی جامع پالیسی کا اعلان کریں، عوام سے ووٹ لینے والے سیاستدانوں کو عوامی مشکلات اور مسائل کی کوئی فکر نہیں ہے۔


اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل صوبہ سندھ کے صدر علامہ سید ناظر عباس تقوی کا کہنا ہے کہ اس ملک کو سیاستدان اندھیری گلی میں دھکیل رہے ہیں، گذشتہ کئی دنوں سے اسلام آباد کو اکھاڑا بناکر ملک کو عدم استحکام کی طرف لے جایا جا رہا ہے، جو کسی کے مفاد میں بھی بہتر نہیں ہے، ملکی مسائل کو افہام و تفہیم اور مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہیئے، تاکہ اس ملک کی ساکھ و سالمیت کو کوئی خطرہ نہ ہوسکے، پاکستان ایک ایسے دوراہے پر کھڑا ہے، جہاں داخلی اور خارجی چیلنجز کا سامنا ہے، ایسی صورتحال میں حکومت اور سیاستدانوں کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا، تاکہ تیسری قوتیں اس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے جمہوریت کو نقصان نہ پہنچائیں، اس وقت پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ دہشت گردی ہے، جس سے ملک اور عوام متاثر ہے اور اب تک ساٹھ ہزار سے زائد بے گناہ لوگ اس دہشت گردی کا نشانہ بن چُکے ہیں، حکومت اور سیاسی جماعتوں کو چاہیئے کہ ایسے وقت میں سیاسی رسہ کشی کے بجائے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے کسی جامع پالیسی کا اعلان کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام سے ووٹ لینے والے سیاستدانوں کو عوامی مشکلات اور مسائل کی کوئی فکر نہیں ہے، عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے اور عوام کو اُن کے بنیادی حقوق سے محروم کیا جا رہا ہے، عوام کا معاشی قتل عام ہو رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بجلی، گیس، پانی اور صحت سے محروم عوام اپنے مسائل کے حل کے لئے منتظر ہیں لیکن ان کے زخم کا مداوا کرنے والا کوئی مسیحاء نظر نہیں آتا۔


خبر کا کوڈ: 580259

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/580259/اسلام-آباد-کو-اکھاڑا-بناکر-ملک-عدم-استحکام-کی-طرف-لے-جایا-جا-رہا-ہے-علامہ-ناظر-عباس-تقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org