QR CodeQR Code

فسادی عناصر عوام کی زندگیوں کے ساتھ کھیلنے کا ڈرامہ فوری طور پر بند کریں، مسلم لیگ ن کراچی

1 Nov 2016 19:59

اسلام ٹائمز: ایک مشترکہ بیان ن لیگ کراچی کے رہنماؤں نے کہا کہ معصوم شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے اور ملک میں بدامنی کی فضا پیدا کرنے والوں کو عدالت عظمی کے فیصلوں تک اپنی ناپسندیدہ سرگرمیاں فوری طور پر بند کر کے خود کو عدالتی فیصلوں کا پابند بنانا ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری خواجہ طارق نذیر، میڈیا کوآرڈینیٹر عبد الحمید بٹ چئیرمین نواز اولکھ، ندیم اختر آرائیں، سابق ضلع نائب صدر حاجی فضل غفور، ڈویژنل جوائنٹ سیکرٹری خلیل بلوچ، نور خان اخوند زادہ، کونسلر وحید رزاق، ڈاکٹر اعظم، سردار اسحق، امین سواتی، رحیم سواتی نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے پاکستان مسلم لیگ (ن) اعلی عدالتوں کے فیصلوں کا احترام اور ان پر عمل کرنے والی جماعت ہے، اقتدار پر قبضہ کرنے کی کوشش میں ہنگامے اور فساد پھیلانے والے ٹولے کو بھی عدالت عظمی کے فیصلوں کا انتظار کرنا چاہیئے، معصوم شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے اور ملک میں بدامنی کی فضاء پیدا کرنے والوں کو عدالت عظمی کے فیصلوں تک اپنی ناپسندیدہ سرگرمیاں فوری طور پر بند کرکے خود کو عدالتی فیصلوں کا پابند بنانا ہوگا۔ خواجہ طارق نذیر نے کہا کہ نام نہاد اپوزیشن کی فرمائش پر معاملات سپریم کورٹ میں جا چکے ہیں اور سپریم کورٹ سے بڑھ کر کوئی اداراہ محترم و معتبر نہیں، پاکستان مسلم لیگ (ن) سپریم کورٹ کے فیصلوں پر من و عن عمل کرے گی اور ہم اقتدار کے پیچھے دوڑنے والے جزوقتی سیاسی کھلاڑیوں سے بھی توقع کرتے ہیں کہ وہ عدالت عظمی کے فیصلے آنے تک ملک کو قوم کو احتجاج، دھرنوں اور ریلیوں کے ذریعے پریشان کرنے سے باز رہیں گے۔


خبر کا کوڈ: 580263

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/580263/فسادی-عناصر-عوام-کی-زندگیوں-کے-ساتھ-کھیلنے-کا-ڈرامہ-فوری-طور-پر-بند-کریں-مسلم-لیگ-ن-کراچی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org