0
Tuesday 1 Nov 2016 11:23
گھیرا تنگ اور ان شاء اللہ سانپ کا سر بھی کاٹ دینگے

داعش ہتھیار ڈال دے یا مرنے کیلئے تیار رہے، حیدر العبادی

داعش ہتھیار ڈال دے یا مرنے کیلئے تیار رہے، حیدر العبادی
اسلام ٹائمز۔ عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی کا کہنا ہے کہ داعش کے پاس اور کوئی راستہ نہیں یا وہ ہتھیار ڈال دے یا مرنے کے لئے تیار رہے۔ تفصیلات کے مطابق عراقی وزیراعظم نے سرکاری ٹی وی پر جاری بیان میں کہا ہے کہ دولت اسلامیہ کے پاس اور کوئی راستہ نہیں انہیں ہتھیار ڈالنے ہوں گے یا مرنا ہوگا۔ وزیراعظم حیدر العبادی کا کہنا تھا کہ ہم داعش کے گرد گھیرا تنگ کر دیں گے اور ان شاء اللہ سانپ کا سر بھی کاٹ دیں گے۔ ان کے پاس فرار کا کوئی راستہ نہیں ہوگا۔ داعش کے خلاف عراقی فوج کی موصل میں پش قدمی تیزی سے جاری ہے اور عراقی فوج کی جانب سے موصل کے قریبی دیہاتوں پر دوبارہ کنٹرول حاصل کر لیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ دو روز قبل عراق کے شہر موصل میں دہشت گرد تنظیم دولت اسلامیہ کے خلاف آپریشن میں داعش کے 800 سے زائد دہشت گرد مارے گئے تھے۔ موصل عراق میں داعش کا آخری گڑھ ہے اور اس کے دہشت گردوں نے 2014ء میں شہر پر قبضہ کیا تھا۔ موصل ہی میں دولت اسلامیہ کے رہنما ابو بکرالبغدادی نے عراق اور شام میں اپنے زیر کنٹرول علاقوں میں خلافت کا اعلان کیا تھا۔

اس سے قبل داعش نے گذشتہ ہفتے عراقی افواج کے حملوں سے بچنے کے لئے ڈھال کے طور پر اغوا کئے گئے 284 بچوں اور نوجوان لڑکوں کو قتل کر دیا تھا۔ داعش نے ان افراد کی لاشوں کو اجتماعی قبروں میں دفنانے کے لئے موصل کے کالعدم ایگری کلچر کالج میں بلڈوزرز کا استعمال کیا تھا۔ یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے عراقی وزیراعظم حیدرالعبادی کا کہنا تھا کہ اب داعش کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا وقت آگیا ہے اور ہم عوام کو داعش کے ظلم اور دہشت گردی سے نجات دلا کر رہے گے۔ واضح رہے کہ اقوام متحدہ نے موصل میں لڑائی کے حوالے سے کہا تھا کہ اس سے شہریوں پر بہت بڑے پیمانے پر اثر پڑے گا اور ایک اندازے کے مطابق موصل اور اس کے گرد و نواح میں رہنے والے 12 لاکھ افراد متاثر ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 580295
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش