0
Thursday 3 Nov 2016 00:03

اس دن کا انتظار ہے جب شریف برادران جیل میں ہوں گے، عمران خان

اس دن کا انتظار ہے جب شریف برادران جیل میں ہوں گے، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا سے آنے والے قافلے پر دشمن سمجھ کر ظلم کیا گیا، جبکہ اس دن کا انتظار ہے جب شریف برادران جیل میں ہوں گے۔ اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں تحریک انصاف کے "یوم تشکر" کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پرویز خٹک آج آپ پاکستان کے ہیرو بن چکے ہیں، میں آپ کو پاکستان کی عوام کی طرف سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں، خیبر پختونخوا سے آنے والے قافلے پر جس طرح کی شیلنگ کی گئی، اس سے ایسا لگ رہا تھا جیسے اس میں شامل لوگ پاکستانی نہیں بلکہ دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران اپنی کرپشن بچانے کے لئے پاکستانیوں کو آپس میں لڑا رہے ہیں، انہیں پاکستانیوں پر اس طرح کا ظلم کرتے ہوئے شرم آنی چاہئے تھی، میں اس دن کا انتظار کر رہا ہوں جب نواز شریف اور شہباز شریف جیل میں ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب سے پاناما لیکس کا معاملہ سامنے آیا ہے، ایک جانب نواز شریف روز کسی سڑک کا فیتہ کاٹ رہے ہیں تو دوسری جانب شہباز شریف ڈرامے کر رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ کہا گیا کہ خیبر پختونخوا سے لوگ ہتھیار لے کر آئے ہیں، لیکن مجھے کوئی ہتھیار نظر نہیں آیا اور نہ ہی تحریک انصاف نے کبھی انتشار کی سیاست کی ہے۔ انہوں نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن پر پر وزیراعظم سے پیسے لینے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ فضل الرحمٰن میرا شکریہ ادا کرو، آپ کو پوچھتا کون تھا، لیکن اب میری وجہ سے نواز شریف آپ کو پوچھ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے اس دن انتہائی خوشی ہوئی جب سپریم کورٹ کے ججز نے کہا کہ ملک میں ادارے کام نہیں کر رہے، ججز نے کہا کہ پاناما کی وجہ سے ملک میں کام رک گیا ہے، اپوزیشن کا کام حکومت کی کرپشن پر آواز بلند کرنا ہے، سابق صدر آصف زرداری اور نواز شریف نے چارٹر آف ڈیموکریسی کے نام پر چارٹر آف مک مکا کرکے ادارے تباہ کئے اور جب تک ادارے مضبوط نہیں ہوتے ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ سپریم کورٹ میں کیس چلنے پر نواز شریف کو استعفٰی دینا چاہیے، جب رانا مشہود کا کرپشن میں نام آیا تو انہوں نے استعفٰی دیا، پرویز رشید کو انکوائری کی وجہ سے مستعفی کرایا گیا، اب نواز شریف کا کیس عدالت میں ہے، اس لئے وہ بھی استعفٰی دیں۔

قبل ازیں صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلٰی پرویز خٹک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد آنے سے روکنے کے لئے مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے تمام حربے آزمائے، لیکن وہ ہم پٹھانوں کو روک نہ سکے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہمارے سامنے فرنٹیئر کور (ایف سی) کو کھڑا کیا گیا اور پھر ایف سی کی تنخواہ بڑھائی گئی، مجھے وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف نے فون کیا کہ جب مرضی ہو آجائیں، میں نے کہا کہ میں اکیلا نہیں آوں گا، میرے ساتھ میرے لوگ بھی ہوں گے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف جمہوری سوچ رکھنے والی جماعت ہے، ہمیں پرویز خٹک کی قیادت پر فخر ہے، پنجاب کی جیلوں میں قید کارکنوں کو سلام پیش کرتا ہوں، جبکہ ہم صرف حکمرانوں کی نیند اڑائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کہا گیا یہ جمہوریت کا قتل کرنے آ رہے ہیں، اس جلسے میں آکر دیکھ لو کہ اسلحہ کہاں ہے، جبکہ ہمارا واحد اسلحہ تحریک انصاف کا جھنڈا ہے۔
خبر کا کوڈ : 580572
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش