QR CodeQR Code

دفاع پاکستان کونسل نے شرائط کے مطابق اپنا جلسہ کیا، چوہدری نثار

3 Nov 2016 15:26

اسلام ٹائمز: پولیس دربار سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ انتظامیہ جب دفعہ 144 کی ضرورت محسوس کرتی ہے، تب ہی عائد کرتی ہے، انتظامیہ نے دفاع پاکستان کونسل کو پابند کیا کہ کن لوگوں کو بلایا جاسکتا ہے اور کن کو نہیں، اس کے بعد کونسل نے ان شرائط کے مطابق ہی جلسے کا انعقاد کیا۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے دفعہ 144 کے باوجود دفاع پاکستان کونسل کو اسلام آباد میں جلسہ کرنے کے اجازت کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ دفاع پاکستان کونسل کی جانب سے انتظامیہ سے درخواست کی گئی تھی جبکہ کونسل نے انتظامیہ کی اجازت اور شرائط کے مطابق ہی جلسہ کیا۔ اسلام آباد میں پولیس دربار سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ انتظامیہ جب دفعہ 144 کی ضرورت محسوس کرتی ہے، تب ہی عائد کرتی ہے، اسے مکمل یا جزوی طور پر اٹھایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دفاع پاکستان کونسل کی جانب سے جلسے کی درخواست دی گئی تھی، جس کے بعد انتظامیہ نے کونسل کو پابند کیا کہ کن لوگوں کو بلایا جاسکتا ہے اور کن کو نہیں، اس کے بعد کونسل نے ان شرائط کے مطابق ہی جلسے کا انعقاد کیا۔ یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے حکومت نے پی ٹی آئی ورکرز کنونشن کو روکنے کے لیے دفعہ 144 کا استعمال کیا تھا، اور کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا تاہم اس کے اگلے ہی روز اہل سنت والجماعت نے دارالحکومت کے مرکز میں اپنی سالانہ کانفرنس کا انعقاد کیا، جس پر کئی حلقوں کی جانب سے حکومت پر دہرا معیار اپنانے کا الزام عائد کیا جا رہا تھا۔ چوہدری نثار کا مزید کہنا تھا کہ اس کونسل کی ابتدا پیپلز پارٹی کے دور میں ہوئی تھی، اس میں کئی سیاسی جماعتیں شامل ہیں، ہر چیز کو غلط رنگ دینا درست نہیں۔ پرویز خٹک پر تنقید کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ایف سی کو سیاست میں نہ گھسیٹا جائے، ایف سی کسی سیاسی پارٹی کی نہیں بلکہ پاکستان کی فوج ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو مخاطب کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ پرویز خٹک دوبارہ اسلام آباد آتے ہیں تو انہیں شہباز شریف سے بڑھ کر پروٹول دیں گے، لیکن اگر شر پھیلانے اسلام آباد آئیں گے تو سختی سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ساڑھے تین سال میں کسی چھوٹے جلسے میں بھی رکاوٹ نہیں ڈالی۔ وزیرداخلہ چوہدری نثار نے خطاب میں پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریاست میں رٹ کے قیام کے لیے پولیس مبارکباد کی مستحق ہے، راولپنڈی، اسلام آباد اور پنجاب کی انتظامیہ کا بھی صورتحال کنٹرول رکھنے میں بڑا کردار رہا، اچھی پالیسی تشکیل دی، انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے پولیس کے مسائل کا ادراک ہے اور قانون نافذ کرنے والے بہت مشکل حالات میں کام کرتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 580687

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/580687/دفاع-پاکستان-کونسل-نے-شرائط-کے-مطابق-اپنا-جلسہ-کیا-چوہدری-نثار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org