0
Friday 4 Nov 2016 21:45
جمہوریت بچانی ہے تو شیر کی قربانی ضروری ہے

دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے نواز حکومت کی اہلیت ہے اور نہ نیت، بلاول بھٹو

مودی نے مسلم ممالک میں کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کو بہت بڑا نقصان پہنچایا، لیکن نواز شریف خاموش ہیں
دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے نواز حکومت کی اہلیت ہے اور نہ نیت، بلاول بھٹو
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پاناما لیکس چھوٹا موٹا نہیں بلکہ دنیا کا سب سے بڑا اسکینڈل ہے، جس کے بعد جمہوریت بچانی ہے تو شیر کی قربانی ضروری ہے۔ سندھ کے شہر ڈہرکی میں پیپلز پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے چیئرمین تحریک انصاف کو چاچا عمران مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب میں اور میرے چچا عمران خان آپ پر الزام نہیں لگا رہے، بلکہ آپ کی بدترین پالیسیوں کی وجہ سے قوم منتشر ہوگئی اور یہ ملک ہے کوئی کاروبار نہیں، ایک طرف لوگ غریب سے غریب ہو رہے ہیں اور آپ دولت کے انبار لگا رہے ہیں۔ انہوں نے نیشنل پارلیمانی سیکیورٹی کمیٹی دوبارہ تشکیل دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاناما لیکس چھوٹا موٹا نہیں بلکہ دنیا کا سب سے بڑا اسکینڈل ہے، میاں صاب آپ کو اعتزاز احسن کا پاناما پیپر بل پاس کرنا ہوگا، کیونکہ اس کے بغیر جوڈیشل کمیشن نہیں چل سکتا اور کمیشن نہیں چلا تو حکومت بھی نہیں چلے گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم نواز شریف سے فوری طور پر وزیر خارجہ مقرر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب کشمیر کے مسئلے کو بین الاقوامی سطح پر اٹھانے میں ناکام ہو چکے ہیں، سرحدوں پر روزانہ گولہ باری سے لوگ شہید ہو رہے ہیں، جبکہ مودی پاکستان کے خلاف سازش کر رہا ہے، مودی نے اسلامی ممالک میں کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کو بہت بڑا نقصان پہنچایا، لیکن نواز شریف خاموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی پی سینیٹرز اس وقت تک سینیٹ سے باہر نہ نکلیں، جب تک مطالبات نہیں مانے جاتے اور اگر جمہوریت بچانی ہے تو شیر کی قربانی ضروری ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ چاچا عمران میں نے بہت برداشت کرلیا، میرا منہ مت کھلوائیں، اگر آپ میرے والد کی بات کرتے ہیں تو آپ کو اکرام اللہ نیازی کا بھی تعارف کرانا ہوگا، اگر آپ مائنس ون کا مطالبہ کریں گے تو میں بھی مائنس ون کا مطالبہ کروں گا، اور پی ٹی آئی میں مائنس ون ہوا تو پارٹی سربراہ شیخ رشید آپ سے بہتر ہوگا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ 3 سال سے نااہل وزیراعظم ملک چلا رہا ہے، نیشنل ایکشن پلان کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں، جبکہ کالعدم تنظیموں کے رہنما اسلام آباد میں وزیر داخلہ سے ملاقات اور جلسے کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میاں صاحب کو سستی روٹی اسکینڈل، یلو کیب، دانش اسکینڈل، اصغر خان کیس، حدیبیہ پیپر مل، سانحہ ماڈل ٹاؤن پر جواب دینا ہوگا۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے ’’جن‘‘ سے لڑنے کیلئے پوری قوم کو متحد اور متفق ہونا ہے، لیکن دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے نواز حکومت کی اہلیت ہے اور نہ نیت، کوئٹہ اس وقت سب سے زیادہ دہشتگردی کی لپیٹ میں ہے، کوئٹہ میں پہلے وکلا پھر پولیس سینٹر پر حملے میں قانون نافذ کرنے والوں کو شہید کیا گیا، لیکن بیان کے علاوہ حکومت کیا کر رہی ہے، چند دن بعد واقعے کو بھلا دیا جاتا ہے اور حکمران ایک اور سانحے کا انتظار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ کی وجہ سے دیوالی کیلئے نہیں آسکا، مودی کو دکھانا اور بتانا چاہتا تھا کہ پاکستان میں مسلم ہو یا غیر مسلم، ہم سب ایک ہیں۔
خبر کا کوڈ : 580968
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش