0
Saturday 5 Nov 2016 14:13

الطاف حسین کی مہربانی ہے کہ انہوں نے خود کو سیاست سے الگ کرلیا، سعد رفیق

الطاف حسین  کی مہربانی ہے کہ انہوں نے خود کو سیاست سے الگ کرلیا، سعد رفیق
اسلام ٹائمز۔ وزیر ریلوے سعد رفیق کا کہنا ہے کہ فاروق ستار کے نفرت انگیز بیان سے لاتعلقی کے اظہار کو سراہتا ہوں، جبکہ بانی ایم کیو ایم الطاف حیسن کی مہربانی ہے کہ انہوں نے خود کو سیاست سے الگ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں ریلوے ملازمین کیلئے تعمیر کئے گئے فلیٹس کی افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق نے کہا کہ ادارے کے ملازمین کی طرز زندگی بہتر بنانے کے لیے ہاؤسنگ سوسائٹی متعارف کروائی ہے، 16 فلیٹس کی 3 عمارتیں 2017ء میں مکمل ہوں گی، ریلوے ملازمین کی رہائش کے منصوبے پر 165 ملین روپے لاگت آئے گی، ریلوے کے بڑے افسران بڑے بڑے گھروں میں رہ رہے ہیں، لیکن ہم بڑے بڑے بنگلے والے افسران کے گھروں کو چھوٹا کریں گے۔ وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق کا کہنا ہے کہ ہاؤسنگ اسکیم میں سیاسی بنیادوں پر الاٹمنٹ نہیں دیں گے، جبکہ ریلوے کی زمین پر قبضہ کرنیوالے موٹے مرغوں کو ڈنڈے مار کر نکال دینا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ہماری پالیسی ہے ہم کچی آبادی کو چھیڑتے نہیں اور موٹے مرغوں کو چھوڑتے نہیں ہیں، آئی جی سندھ سے قبضے کی زمین چھڑانے کیلئے بات کروں گا، تجاوزات اور قبضہ گروپ کے خلاف کارروائی جاری رکھیں گے، تاہم ریلوے میں خرابی ابھی موجود ہے، کچھ دور بھی کی گئی ہے، لیکن اپنی ذمہ داری ایمانداری اور دیانت داری سے پوری کی ہے اور کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ریلوے کی زمین میں کچی آبادیاں بنائی ہوئی ہیں، کراچی کینٹ اسٹیشن کے قریب 25 کینال زمین ریلوے کو مل گئی ہے، ہم ریلوے کی زمینوں کو پورے ملک میں کمپیوٹرائز کر رہے ہیں، لیکن سندھ میں ریلوے کی زمینوں کو کمپیوٹرائز کرنے کا کام تھوڑا سست چل رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں ٹرانسپورٹ کی صورتحال انتہائی ناقص ہے، سرکلر ریلوے کراچی کی ضرورت ہے، میٹرو ٹرین اور میٹرو بس سب سے پہلے کراچی میں بننی چاہیے تھے، کراچی سمیت پورا سندھ کھنڈر اور آثارقدیمہ کا منظر پیش کرتا ہے، جو کہ انتہائی افسوسناک ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ فاروق ستار کے نفرت انگیز بیان سے لاتعلقی کے اظہار کو سراہتا ہوں، مجھے معلوم ہوا ہے کہ ایم کیو ایم کے سینیئر افراد اس صورتحال سے تنگ تھے، جبکہ بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کی مہربانی ہے کہ انھوں نے خود کو سیاست سے الگ کرلیا۔
خبر کا کوڈ : 581109
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش