0
Sunday 6 Nov 2016 12:08
موصل کو بہت جلد داعشی دہشتگردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا جائیگا

داعش کے جنگجو اگر زندگی چاہتے ہیں تو ہتھیار ڈال دیں، حیدر العبادی

داعش کے جنگجو اگر زندگی چاہتے ہیں تو ہتھیار ڈال دیں، حیدر العبادی
اسلام ٹائمز۔ عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی کا کہنا ہے کہ دولت اسلامیہ کے جنگجو اگر زندہ رہنا چاہتے ہیں تو ہتھیار ڈال دیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم حیدر العبادی نے موصل شہر کے مشرقی مورچے کے دورے کے دوران کہا کہ حکومت کی قیادت والی فوجیں نہ تو واپسی کی راہ اختیار کریں گی اور نہ ہی ٹوٹیں گی۔ عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی نے کہا کہ موصل کے عوام کے لئے ہمارا پیغام یہ ہے کہ ہم آپ کو جلد ہی آزاد کرا لیں گے۔ خیال رہے کہ وزیراعظم حیدر العبادی کا کہنا تھا کہ ہم داعش کے گرد گھیرا تنگ کر دیں گے اور ان شاء اللہ سانپ کا سر بھی کاٹ دیں گے۔ ان کے پاس فرار کا کوئی راستہ نہیں ہوگا۔ یاد رہے کہ موصل عراق میں داعش کا آخری گڑھ ہے اور اس کے دہشت گردوں نے 2014ء میں شہر پر قبضہ کیا تھا۔ موصل ہی میں دولت اسلامیہ کے رہنما ابو بکر البغدادی نے عراق اور شام میں اپنے زیر کنٹرول علاقوں میں خلافت کا اعلان کیا تھا۔ اس سے قبل داعش نے گذشتہ ہفتے عراقی افواج کے حملوں سے بچنے کے لئے ڈھال کے طور پر اغوا کیے گئے 284 بچوں اور نوجوان لڑکوں کو قتل کر دیا تھا۔ واضح رہے کہ اقوام متحدہ کا موصل میں لڑائی کے حوالے سے کہنا تھا کہ اس سے شہریوں پر بہت بڑے پیمانے پر اثر پڑے گا اور ایک اندازے کے مطابق موصل اور اس کے گردو نواح میں رہنے والے 12 لاکھ افراد متاثر ہوں گے۔

دیگر ذرائع کے مطابق عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی نے موصل شہر میں عراقی فوج کی پیشقدمی کو قابل تحسین قرار دیا ہے۔ موصل کے مشرقی سیکٹر کے اگلے مورچوں کا دورہ کرنے کے بعد وزیراعظم حیدر العبادی نے امید ظاہر کی کہ موصل کو بہت جلد داعشی دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موصل کے اندر عراقی اور داعشی دہشت گردوں کے درمیان سخت لڑائی کی توقع ہے، تاہم فوج دہشت گردوں کا صفایا کردے گی۔ عراقی وزیراعظم نے کہا کہ کار بموں، اسنائپروں اور بارودی سرنگوں کی وجہ سے عراقی فوج موصل کے اندر بہت احتیاط کے ساتھ پیشقدمی کر رہی ہے۔ ایک اور اطلاع کے مطابق عراقی فوج کا ایک دستہ دریائے فرات کے مغربی حصے سے پیشقدمی کرتا ہوا شمالی موصل میں چار کلومیٹر کے فاصلے پر موصل کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب پہنچ گیا ہے۔ جنوبی سیکٹر کی جانب سے عراقی فوج نے داعشی دہشت گردوں کو حمام العیل شہر کے مرکزی علاقے سے بے دخل کر دیا ہے۔ نینوا صوبے میں جاری فوجی کارروائیوں کے ایک کمانڈر ناجم الجبوری نے بتایا ہے کہ فوج نے حمام العیل شہر کے تقریباً تمام علاقوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔ عراقی فوج نے سترہ اکتوبر کو موصل کی آزادی کے لئے بڑے آپریشن کا آغاز کیا تھا، جس میں عوامی رضاکار فورس اور کرد ملیشیا کے جوان بھی حصہ لے رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 581478
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش