0
Tuesday 8 Mar 2011 09:28

امریکا ریمنڈ کیس سے پیدا ہونے والی بداعتمادی کی فضا ختم کرے، صدر زرداری، ریمنڈ کی رہائی امریکا کیلئے بہت اہم ہے، گراسمین

امریکا ریمنڈ کیس سے پیدا ہونے والی بداعتمادی کی فضا ختم کرے، صدر زرداری، ریمنڈ کی رہائی امریکا کیلئے بہت اہم ہے، گراسمین
 اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ امریکا ریمنڈ ڈیوس سے پیدا ہونیوالی بداعتمادی کی فضا ختم کرے، اکا دکا واقعات کو پاک امریکا تعلقات میں کشیدگی بڑھانے کا سبب نہ بننے دیا جائے۔ انہوں نے عالمی برادری پر ایک بار پھر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ ترجیحی تجارت کیلئے پاکستان کے کیس پر غور کرے تاکہ وہ عسکریت پسندی اور دہشتگردی کیخلاف موثر کارروائی کرسکے۔ ان خیالات کا اظہار صدر آصف زرداری نے پاکستان اور افغانستان کیلئے امریکا کے خصوصی نمائندے مارک گراسمین سے ایوان صدر میں ہونیوالی ملاقات میں کیا۔ پاکستان اور افغانستان کے خصوصی نمائندے گراسمین نے وزیراعظم گیلانی سے بھی ملاقات کی۔
 صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر نے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ صدر زرداری نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور امریکا کو چاہئے کہ وہ طویل المیعاد، کثیرالجہتی اور پائیدار اسٹرٹیجک تعلقات پر توجہ مرکوز رکھیں تاکہ مشترکہ مقاصد حاصل کئے جا سکیں۔ صدر زرداری نے کہا کہ شدت پسند اور عسکریت پسند ملک کا موجودہ نظام تبدیل کرنا چاہتے ہیں جس کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ صدر نے بعض امریکی حکام کے الزامات کے حوالے سے کہا کہ کسی کو دہشتگردی کیخلاف جنگ کے حوالے سے ہمارے عزم و ارادے کے بارے میں سوال نہیں اٹھانا چاہئے، پاکستان نے اس جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں، یہ ایک طویل جنگ ہے جس میں صرف فوجی ذرائع سے مکمل فتح حاصل نہیں ہو سکتی۔
 بعدازاں امریکی خصوصی ایلچی نے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے بھی ملاقات کی۔ وزیر اعظم پاکستان نے ان سے گفتگو کرتے ہوئے پاک امریکا اسٹرٹیجک ڈائیلاگ کو فعال بنا کر دونوں ملکوں کی شراکت کو موثر بنانے پر زور دیتا ہے۔
ادھر پاکستان اور افغانستان کیلئے امریکا کے نمائندہ خصوصی مارک گراسمین کا کہنا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کا معاملہ جلد حل ہو جائے گا۔ مارک گراسمین نے یہ بات اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ امریکی نمائندہ خصوصی کا کہنا تھا کہ ڈیوس کی وجہ سے دو طرفہ تعلقات مشکلات کا شکار ہیں، تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ معاملہ جلد حل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستانی حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریمنڈ ڈیوس کی رہائی امریکا کیلئے بہت اہم ہے اور ہم اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ 
خبر کا کوڈ : 58152
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش