0
Monday 7 Nov 2016 19:12
میڈیا کے بعض عناصر اپنے آقاؤں کی خوشنودی کی خاطر اسطرح کے شرمناک فعل کے مرتکب ہو رہے ہیں

نجی ٹی وی کی من گھڑت خبر کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، معافی نہ مانگی گئی تو قانونی چارہ جوئی کرینگے، سرفراز نقوی

پاکستان میں سعودی سفارتخانہ کی سرگرمیاں پاکستان کی دفاعی سالمیت، داخلہ و خارجہ پالیسی کے حوالے سے انتہائی تشویشناک ہیں
نجی ٹی وی کی من گھڑت خبر کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، معافی نہ مانگی گئی تو قانونی چارہ جوئی کرینگے، سرفراز نقوی
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر سرفراز نقوی نے لاہور میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایس او ہمیشہ استحکام پاکستان کیلئے سرگرم رہی ہے، نجی چینل کی طرف سے بے بنیاد اور من گھڑت خبر جاری کی گئی ہے، جس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ سرفراز نقوی نے کہا کہ سماء نیوز کی جانب سے آئی ایس او کو دہشتگرد تنظیموں کی لسٹ میں شامل کرنے کی من گھڑت خبر جاری کی گئی ہے، نجی چینل نے نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کا تحفظ کرنیوالی ملک گیر طلباء تنظیم کیخلاف گھناؤنی سازش کرتے ہوئے غر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا، جس سے ملت تشیع پاکستان کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نجی چینل خبر کی فوری طور پر تردید کرے اور معافی مانگے بصورت دیگر قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انتہائی افسوس ناک بات ہے کہ میڈیا کے بعض عناصر اپنے آقاؤں کی خوشنودی کی خاطر اس طرح کے شرمناک فعل کے مرتکب ہو رہے ہیں جبکہ دوسری جانب حکومتی اہلکار کالعدم جماعتوں کے رہنمائوں اور دہشتگردوں کا سہارا لے رہے ہیں اور ان کی پشت پناہی میں مصروف عمل ہیں۔

مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان کا کہنا تھا کہ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان 1972ء سے لے کر آج تک ہمیشہ سے نوجوان طالبعلموں کو وحدت مسلمین اور استحکام کا درس دیتی آئی ہے، پھر اپنا یہ پیغام طلباء کی سطح سے بڑھا کر ملک عزیز کے ہر مسلک، گروہ اور طبقہ تک پہنچانے میں صف اول کا کردار ادا کیا، آئی ایس او پاکستان ملک کی واحد طلباء تنظیم ہے جس نے اسلام اور پاکستان دشمن عناصر کو بے نقاب کرنے کیلئے 70 کی دہائی سے آواز بلند کی۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی ایس او کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ عالمی استعمار بالخصوص امریکہ، اسرائیل، بھارت کے مکروہ عزائم سے پردہ اٹھانے کیلئے مردہ باد امریکہ، مردہ باد اسرائیل، مردہ باد ہندوستان کے شعار کو ہر شہری کے کانوں تک پہنچایا، آج پاکستان کا بچہ بچہ یہ جان چکا ہے کہ اس بدامنی، دہشتگردی اور ملک کے عدم استحکام میں کس کا ہاتھ ہے، اس تنظیم کا ماضی اس بات کی گواہی دیتا ہے کہ اس نے ہمیشہ استحکام پاکستان کیلئے عملی اقدامات کئے ہیں، ہمیشہ پاک فوج کے شانہ بشانہ ریلیف کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے، چاہے وہ اکتوبر 2005ء کے زلزلے میں کئی مہینوں تک ریلیف کیمپ لگانا ہو یا پھر پنجاب، سندھ، بلوچستان کے سیلاب زدگان کیلئے فوری ریلیف کارروائیاں ہوں، ان جوانوں نے جانوں پر کھیل کر اپنا کردار ادا کیا، اس طرح طلباء کے حقوق کیلئے آواز اٹھانے کی خاطر متحدہ طلبا محاذ کے قیام کا سہرا بھی آئی ایس او کے سر ہے جبکہ متحدہ طلباء محاذ کی صدارت بھی آئی ایس او کے پاس ہے۔

مرکزی صدر نے بتایا کہ آئی ایس او رسول اکرم کی ذات مقدس کو مرکز اتحاد مانتے ہوئے ایک عرصے سے 12 تا 17 ربیع الاول ہفتہ وحدت المسلمین مناتی ہے، اس کیساتھ اپنے نصب العین نوجوانوں کو تعلیمات قرآن اور سیرت محمد و آل محمد کے مطابق رنگ، نسل، ذات، فرقہ کی تقسیم بندی سے دوری رکھتی ہے اور رکھتی آئی ہے۔ مرکزی صدر نے کہا گلگت بلتستان کی یونیورسٹیز میں یوم حسینؑ منعقد کرنے پر آئی ایس او کے کارکنان کو گرفتار اور ہراساں کیا جا رہا ہے۔ پاکستان میں تشیع کو دیوار سے لگانے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے، پاکستان میں سعودی سفارتخانہ کی سرگرمیاں پاکستان کی دفاعی سالمیت، داخلہ و خارجہ پالیسی کے حوالے سے انتہائی تشویشناک ہیں، مقتدر اداروں سے ہمارا مطالبہ ہے کہ پاکستان میں سعودی مداخلت کا فی الفور نوٹس لیکر اس کا سدباب کیا جائے، کیونکہ سعودی سفارت خانے اور قونصل خانوں سے دہشتگردوں کو فنڈنگ اور سپورٹ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ کی ناک کے نیچے اسلام آباد میں جو شرمناک حرکت کی گئی، اس کا جواب کس نے دینا ہے۔ سرفراز نقوی نے کہا کہ مٹھی بھر تکفیریوں کی خوشنودی کیلئے پاکستان کی سرزمین شیعوں پر تنگ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے اپنے مطالبات دہراتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات پر فوری طور پر عملدرآمد کرایا جائے، کالعدم جماعتوں کی سیاسی و مذہبی سرگرمیوں پر مکمل پابندی لگا کر ان افراد کو گرفتار کیا جائے، جو نام بدل کر اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، ملت تشیع کے بیگناہ افراد کو فوری رہا کیا جائے، ان شہریوں کے نام شیڈول فور سے فوراً نکالے جائیں، جو کسی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث نہیں، بزرگ علماء اور شیعہ عمائدین کی معطل شدہ شہریت فوراً بحال کی جائے، جو عناصر ملت تشیع کیخلاف سنگین سرگرمیوں میں ملوث ہیں، ان کو بلا تاخیر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 581751
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش