0
Monday 7 Nov 2016 19:39

ایم ڈبلیو ایم کے رہنماوں اور پرامن مظاہرین کی گرفتاریوں کیخلاف بلتستان کے متعدد مقامات پر احتجاج

ایم ڈبلیو ایم کے رہنماوں اور پرامن مظاہرین کی گرفتاریوں کیخلاف بلتستان کے متعدد مقامات پر احتجاج
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنماء علامہ احمد اقبال رضوی، علامہ مرزا یوسف حسین، فیصل رضا عابدی کی گرفتاریاں، کراچی کے پرامن مظاہرین پر تشدد اور گرفتاریوں کے خلاف بلتستان کے مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ اس سلسلے میں کھرمنگ کے مختلف مقامات جن میں مہدی آباد، طولتی، کھرمنگ خاص، اولڈینگ اور حمزی گونڈ شامل ہیں، احتجاجی مظاہرین نے کرگل روڈ پر مظاہریے کئے۔ انہوں نے کھرمنگ میں چھ مقامات پر روڈ بلاک کئے اور وفاقی و صوبائی حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔ اسکردو میں بشو، کچورا، روندو، گول، گمبہ اسکردو اور یادگار شہداء اسکردو پر بھی مظاہرے ہوئے۔ مظاہرین نے ملت تشیع کے پرامن علمائے کرام کی گرفتاری کی مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ پرامن محب وطن علماء کی گرفتاریاں اور مظالم بند کئے جائیں، ورنہ گلگت بلتستان بھر میں احتجاج کا نہ رکنے والا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ علماء کرام کی گرفتاریوں پر پرامن احتجاج مظاہرین کا حق ہے، لیکن پرامن مظاہرین پر بدترین تشدد اور پولیس گردی شرمناک عمل ہے۔ حکومت ایک عرصے سے بیلنس پالیسی کے تحت پرامن پاکستانیوں، محب وطن شہریوں اور ملت تشیع کو دیوار سے لگانے کی پالیسی پر گامزن ہے۔ بیلنس پالیسی کے تحت ظالم و مظلوم اور پرامن و دہشتگردوں کو ایک ہی لاٹھی سے ہانکنا لمحہ فکریہ ہے۔ موجودہ حکومت میں ملت جعفریہ عدم تحفظ کے احساس کا شکار ہیں۔ ایک طرف ملت تشیع دہشتگردوں کے نشانے پر اور دوسری طرف حکومتی ظالمانہ پالیسیوں کے نشانے پر ہے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ملک بھر کی طرح گلگت میں یوم الحسین کے انعقاد کے جرم میں گرفتار ہونے والے طلباء کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔ گلگت میں صوبائی حکومت ایک پالیسی کے تحت فرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا دینا چاہتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 581758
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش