0
Tuesday 8 Nov 2016 21:00

پاکستان کیلئے بھارت سے بڑا خطرہ اور ملک کی سب سے بڑی دشمن ماحولیاتی تبدیلیاں ہیں، لاہور ہائیکورٹ

پاکستان کیلئے بھارت سے بڑا خطرہ اور ملک کی سب سے بڑی دشمن ماحولیاتی تبدیلیاں ہیں، لاہور ہائیکورٹ
اسلام ٹائمز۔ چیف جسٹس لاہو ر ہائیکورٹ سید منصور علی شاہ نے اسموگ کے بارے میں حکومتی بیان مسترد کرتے ہوئے سیکرٹری ماحولیات اور سیکرٹری صحت سے حفاظتی اقدامات اور آگاہی مہم کی تفصیلات طلب کر لیں، جبکہ قرار دیا ہے کہ پاکستان کیلئے سب سے بڑا سیکیورٹی خطرہ اور ملک کی سب سے بڑی دشمن ماحولیاتی تبدیلیاں ہیں ، مگر اس طرف کسی کا دھیان نہیں جا رہا۔ انہوں نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ حکومت کے پاس اسموگ پر قابو پانے کیلئے عملی طور پر کوئی بھی بات موجود نہیں، سب باتیں ہوا میں کر کے وقت گزارا جا رہا ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے، اسموگ کا سلسلہ شروع ہوا تو افسر شہریوں کی رہنمائی کے بجائے گھروں کو چلے گئے، عدالت کو حکومت کی طرف سے قائم کی گئی کمیٹیوں اور افسروں کے اجلاسوں سے کوئی غرض نہیں ہے، عدالت کو آگاہ کیا جائے کہ شہریوں کو ماحولیاتی مضر اثرات سے بچاؤ کیلئے اقدامات کیوں نہیں کئے گئے، یہ ہمارے بچوں کے مستقبل کا سوال ہے، جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ فاضل عدالت نے سیکرٹری ماحولیات کے بیان پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ بھارت کی بات چھوڑیں، آپ یہ بتائیں کہ آپ نے کیا اقدامات کئے ہیں، صرف ہوا میں باتیں کرنے سے کام نہیں چلے گا، حکومت تب کہاں سوئی ہوئی تھی جب بچے بیمار ہو رہے تھے۔ درخواست گزار ایڈووکیٹ شیراز ذکا کی جانب سے موقف اختیار کیاگیا کہ اسموگ کی وجہ سے لاہور سمیت پنجاب بھر میں خواتین اور بچے متاثر ہو رہے ہیں لیکن حکومت کوئی اقدامات نہیں کر رہی۔ عدالتی حکم پر سیکرٹری صحت ڈاکٹر ساجد، سیکرٹری ماحولیات سیف انجم اور چیف میٹرو لوجسٹ محمد ریاض عدالت میں پیش ہوئے۔ سیکرٹری ماحولیات نے عدالت کو بتایا کہ بھارت کے علاقے ہریانہ میں 32 ملین ٹن چاول کی فصل کی باقیات کو آگ لگائی گئی، جس کا دھواں پاکستانی پنجاب میں دھند کیساتھ ملکر اسموگ بن گیا، موسم کی تبدیلی کے نتیجے میں زمین ٹھنڈی ہونے اور ہوا میں نمی کی کمی سے ذرات کی تعداد میں اضافے سے اسموگ کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔ سیکرٹری صحت پنجاب نے عدالت کو آگاہ کیا کہ یکم اور دو نومبر کو اسموگ کے نتیجے میں آنکھوں اور ناک کی بیماریوں کی شکایات موصول ہوئی تھیں، جس کے بعد شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے ، بار بار منہ ہاتھ دھونے، دن میں دو مرتبہ نہانے اور آٹھ گلاس پانی پینے کی سفارشات کی گئیں۔ سرکاری وکیل نے بتایا کہ عوام میں اسموگ سے متعلق آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 582066
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش