0
Wednesday 9 Nov 2016 13:30
ہیلری کلنٹن نے اپنے دور میں امریکہ کیلئے بہت اچھا کام کیا، میں انکی خدمات کا اعتراف کرتا ہوں

سب کیساتھ ملکر برابری کی بنیاد پر کام کرینگے، کسی قوم یا ملک سے تنازعات میں نہیں پڑنا چاہتے، نومنتخب امریکی صدر

ہم اپنی مضبوط اور تاریخی روایات کا تحفظ کرینگے، امریکہ میں رہنے والے تمام لوگوں کیساتھ ایک جیسا سلوک کیا جائیگا
سب کیساتھ ملکر برابری کی بنیاد پر کام کرینگے، کسی قوم یا ملک سے تنازعات میں نہیں پڑنا چاہتے، نومنتخب امریکی صدر
 اسلام ٹائمز۔ نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی پہلی تقریر میں کہا ہے کہ امریکی مفادات سب سے اہم ہیں۔ ملک کو نئی سمت میں لے جانے کا وقت آگیا ہے۔ معیشت کو بہتر بناکر جی ڈی پی کو بہتر بنائیں گے۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ امریکیوں کو مایوس نہیں کروں گا۔ نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابی ہیڈکوارٹر کو دورہ کیا اور تقریر کی۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے تقریر کے آغاز میں بتایا کہ ہیلری کلنٹن نے انھیں ٹیلی فون کرکے مبارک باد دی ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہیلری کلنٹن نے بہت سخت محنت کی۔ انھوں نے کہا کہ ہیلری نے امریکہ کے لئے بہت خدمات انجام دی ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکہ کو ایک اور متحد ہوکر کام کرنا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ میں تمام امریکیوں کا صدر ہونگا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ آپ کے مشورے سے مل کر آگے بڑھنے کے لئے کام کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ ہر امریکی کو اپنا کام کرنے کی آزادی ہوگی۔ ہر رنگ و نسل سے تعلق رکھنے والوں کے لئے یہ ایک تاریخی لمحہ ہے۔ جنھوں نے مجھے منتخب نہیں کیا انھیں ناکام ہونا پڑا۔

نومنتخب امریکی صدر نے کہا کہ عالمی برادری کو سمجھ لینا چاہئے کہ سب کے ساتھ مل کر برابری کی بنیاد پر کام کریں گے۔ ری پبلیکن، ڈیموکریٹس سمیت سب کو کہوں گا کہ امریکہ کے لئے متحد ہوجائیں۔ انھوں نے واضح کیا کہ یہ ایک انتخابی مہم نہیں ایک تحریک تھی۔ انھوں نے بتایا کہ ان کے بہت بہت بڑے معاشی منصوبہ ہیں۔ کوئی خواب، کوئی چیلنج بڑا نہیں ہوتا، سب کچھ حاصل کیا جاسکتا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کسی قوم یا ملک سے تنازعات میں پڑنا نہیں چاہتے۔ انھوں نے کہا کہ مجھے امریکہ سے پیار ہے اور ملک کے انفرااسٹریکچر کو دوبارہ بنائیں گے۔ ٹرمپ نے اپنے والدین کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان سے بہت کچھ سیکھا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی بہنوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بھائی رابرٹ کا شکریہ بھی ادا کیا۔ ٹرمپ نے اپنے اہل خانہ کا بھی شکریہ ادا کیا اور فرداً فرداً سب کے نام لئے۔

دیگر ذرائع کے مطابق ری پبلیکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ امریکہ کے 45ویں صدر منتخب ہوگئے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی حریف سابق صدر بل کلنٹن کی اہلیہ ہیلری کلنٹن کو سخت مقابلے کے بعد شکست دی۔ دونوں امیدواروں کے درمیان انتخابی مہم روز اول سے ہی سنسنی خیز رہی اور دونوں نے ایک دوسرے کی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ امریکہ کی ریاستوں میں ہونے والی پولنگ میں امیدواروں نے اپنے ووٹ کا حق استعمال کیا، ڈونلڈ ٹرمپ نے 276 ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کی حریف ہیلری کلنٹن کو 218 ووٹ مل سکے، انتخابی نتائج کے بعد ہیلری کلنٹن نے ڈونلڈ ٹرمپ کو فون کرکے انہیں مبارکباد پیش کی۔ جیت کے بعد اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم سب مل کر ایک ہو کر کام کریں، میری کوشش ہوگی کہ میں سب کو ساتھ لے کر چلوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر امریکن ڈریم کو ضرور پورا کریں گے۔ ہیلری کلنٹن نے اپنے دور میں امریکہ کیلئے بہت اچھا کام کیا میں ان کی خدمات کا اعتراف کرتا ہوں۔ ٹرمپ نے کہا کہ آج کا دن تمام امریکیوں کیلئے انتہائی اہمیت کا دن ہے، میری سب سے درخواست ہے کہ وہ ملک کیلئے متحدہ ہوکر کام کریں، تاکہ امریکہ کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم اپنی مضبوط اور تاریخی روایات کا تحفظ کریں گے اور امریکہ میں رہنے والے تمام لوگوں کے ساتھ ایک جیسا سلوک کیا جائے گا۔ ہم اس ملک کی ترقی کیلئے اس کی معاشی پیداوار کو دوگنا کرنے کی کوشش کریں گے اور تمام افراد خواہ وہ کسی بی رنگ و نسل سے تعلق رکھتے ہوں ان کیلئے کام کیا جائے گا۔ ٹرمپ نے کہا کہ میری مہم میں بھی ہر مذہب اور رنگ و نسل کے لوگ شامل تھے جنہوں نے میری مہم چلائی۔
خبر کا کوڈ : 582280
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش