0
Friday 11 Nov 2016 23:07

پاکستان میں تعینات سعودی سفیر کی سرگرمیوں میں تیزی

پاکستان میں تعینات سعودی سفیر کی سرگرمیوں میں تیزی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان میں تعینات سعودی سفیر عبداللہ مرزوق الزھرانی کی ’’سرگرمیوں‘‘ میں گذشتہ چند دنوں سے کافی تیزی نظر آرہی ہے اور وہ حکومتی نمائندوں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں، گذشتہ روز انہوں نے وزیر داخلہ چوہدری نثار سے ملاقات کی تھی، جبکہ آج انہوں نے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب ملاقات کی۔ میڈیا کو جاری سرکاری پریس ریلیز کے مطابق وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے اس ملاقات میں کہا کہ پاکستان سعودی عرب کو اپنا اسٹریٹجک پارٹنر سمجھتا ہے کیونکہ اس نے اسٹریٹجک معاملات میں ہمیشہ نہ صرف پاکستان کی مدد کی ہے بلکہ بحران کے دنوں میں بڑی فراخدلی سے پاکستان کیساتھ اقتصادی اور مالی تعاون کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فیصل مسجد اور انٹرنیشنل اسلامی یونیورسٹی دونوں ممالک کے درمیان مثالی تعلقات کی شاندار مثالیں ہیں۔ سعودی عرب کے سفیر عبداللہ مرزوق الزھرانی سے ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان میڈیا، اطلاعات کے شعبوں کے علاوہ باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی۔ وزیر مملکت اور سعودی سفیر نے اس موقع پر دونوں ممالک کے تجربات سے بھرپور استفادہ پر اتفاق کیا۔ سعودی عرب کے سفیر نے وزیر مملکت کو باہمی دلچسپی کے امور میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب اور سعودی عرب کے سفیر عبداللہ مرزوق الزھرانی نے دونوں ممالک کے عوام کی بھلائی کیلئے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔
خبر کا کوڈ : 582982
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش